مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کی حریت قیادت سے ملاقات
مسئلہ کشمیر پر مشترکہ جدوجہد، باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید موثر بنانے پر اتفاق
اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اورمسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے وفد کے ہمراہ اسلام آبادمیں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیااور حریت قیادت سے مسئلہ کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور کشمیری عوام کی جدوجہد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر حریت کنوینر غلام محمد صفی کی زیرِ صدارت اجلاس میں مسئلہ کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی قابض فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، خطے کی مجموعی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام محمد صفی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال، پابندیوں، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کرسکا۔انہوں نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور حریت قیادت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر موثر رابطہ، مشاورت اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر مزید موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔سردار عتیق احمد خاننے اس موقع پر کہا کہ مسلم کانفرنس مسئلہ کشمیر کو اپنی سیاسی جدوجہد کا بنیادی حصہ سمجھتی ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے اپنے والدِ محترم مجاہدِ اول، سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان مرحوم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدِ اول نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان کی پوری سیاسی جدوجہد کشمیر کاز سے وابستہ رہی اور مسلم کانفرنس آج بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیری عوام کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے ساتھ باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس سے سینئر حریت رہنماء محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سردار نصراللہ خان اور زاہد صفی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں اور حقِ خودارادیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور حریت قیادت کے درمیان مسلسل رابطہ اور مشترکہ حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے،کشمیر ی عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے، بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں، باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔مسلم کانفرنس کے وفد میں میجر سردار نصراللہ خان، سردار عاصم عباسی اور عبدالجبار شامل تھے۔اس موقع پر سید یوسف نسیم، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، چوہدری شاہین اقبال، انجینئر محمود، سید اعجاز رحمانی، حسن البنا، حاجی سلطان بٹ، راجہ خادم حسین، سید مشتاق، مشتاق احمد بٹ، عدیل مشتاق وانی، نذیر احمد کرنائی، میاں مظفر، گلشن احمد، شیخ عبدالماجد، منظور احمد ڈار، محمد اشرف ڈار، زاہد اشرف، منظور احمد شاہ، سردار عاصم عباسی، عبدالجبار افسر خان اور امتیاز وانی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اجلاس کے اختتام پر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی کامیابی، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی ثابت قدمی، شہدا کے درجات کی بلندی اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔









