APHC-AJK

وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ

حریت قیادت سے اہم ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفترکادورہ کیااور کنوینر غلام محمد صفی سمیت حریت قیادت سے تفصیلی ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر ایک حل طلب دیرینہ بین الاقوامی تنازع ہے، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے وزیراعظم کے دورے اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت کی حمایت تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقِ

خودارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ سیاسی اور سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
حریت رہنما الطاف حسین وانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری گرفتاریوں، سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کی نظربندی، اظہارِ رائے پر پابندیوں اور دیگر بھارتی اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ 5اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات، ڈومیسائل اور اراضی سے متعلق پالیسیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور آبادیاتی شناخت تبدیل کرنے کی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔
اس موقع پر 6نومبر یومِ شہدائے جموں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے 1947 کے شہدائے جموں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا ناقابلِ فراموش باب ہیں اور ان کی یاد کو ہر سطح پر زندہ رکھا جائے گا۔

ملاقات کے اختتام پر شہدا کشمیر اور شہدا پاکستان کے درجات کی بلندی، ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور تحریکِ آزادی کشمیر کی کامیابی، ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔KMS-Y

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button