مودی حکومت نے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے ہیں ، راہل گاندھی
راہل گاندھی کاحکومت سے یوپی آئی ادائیگیوں پر ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ
نئی دلی: بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطا بق راہل گاندھی نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ میں مرچنٹ یو پی آئی ادائیگیوں پر حکومت کی جانب سے عائد کیاگیا ‘ایم ڈی آر ٹیکس’ واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ”حکومت نے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں اور امریکی کمپنیوں کو بھاری منافع کمانے کا موقع دیاجارہا ہے۔راہل گاندھی نے مودی حکومت کے اس اقدام پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے براہ راست طورپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے لیٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ مودی جی نے یو پی آئی پر ٹیکس لگا کر ہر ہندوستانی پر ٹیکس عائد اور امریکی کمپنیوں کو بھاری منافع کمانے کا موقع فراہم کیا ہے ۔راہل گاندھی نے مودی حکومت سے فوری طور پر اس ٹیکس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ کہ ”مودی جی، براہ کرم امریکہ کے سامنے لیٹنا بند کیجیے، کچھ ہمت دکھائیے اور یو پی آئی ٹیکس واپس لیجیے۔”
واضح رہے کہ مودی حکومت نے 2000روپے سے زیادہ کی یو پی آئی ادائیگیوں پر 0.4فیصد چارج عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ 15اکتوبر سے نافذ ہوگا۔








