کل جماعتی حریت کانفرنس کا حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں برسوں سے قید تمام سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ غیر قانونی طورپر نظربند رہنمائوںمیں حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، بلال صدیقی، مولوی بشیر احمد، مشتاق الاسلام، میاں عبدالقیوم، محمد رفیق گنائی، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض، فاروق احمد توحیدی، غلام محمد خان سوپوری، ظفر اکبر بٹ، فیاض حسین جعفری، حیات احمد بٹ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، عمر عادل ڈار، ملک نور فیاض، محمد یاسین بٹ اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو شامل ہیں۔
حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی زور دیا تاکہ جنوبی ایشیاء میں مستقل امن اور استحکام قائم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طورپر حل حل سے دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہوں گے۔
حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنے مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔








