دہلی ہائی کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی
نئی دہلی: بھارت میں دہلی ہائی کورٹ نے 2020 کے شمال مشرقی دہلی کے مسلم مخالف فسادات میں مبینہ "سازش”کیس میں گرفتار سٹوڈنٹس لیڈر عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ دونوں کارکن اس مقدمے میں چھ سال سے زائد عرصے سے قید ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ اور جسٹس دنیش بھٹ پر مشتمل ہائی کورٹ کے بنچ نے دونوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں،عمر خالد اور شرجیل امام مسلسل6سال سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یواے پی اے کے تحت قید ہیں اور ہائی کورٹ نے تیسری مرتبہ ان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی ہیں۔ بنچ نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم میں ترمیم نہیں کر سکتا، جس میں ملزمان کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ گواہوں کے بیانات قلمبند یونے یا اس حکم کو ایک سال گزرنے کے بعد ضمانت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
فروری 2020میں شمال مشرقی دہلی میں مسلم مخالف فسادات میں 36 مسلمانوں سمیت 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ یہ پرتشددواقعات متنازعہ شہریت ترمیمی ایکٹ 2019 اور قومی رجسٹر برائے شہریت کے خلاف احتجاج کے دوران ہوئے تھے۔۔
سٹوڈنٹس لیڈرشرجیل امام کو 25 اگست 2020 کو گرفتار کیاگیاتھ جبکہ عمرخالد، جو جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے سابق طالب علم ہیں، 13 ستمبر 2020 کو گرفتار کیاگیاتھا۔ان کی ابتدائی ضمانت کی درخواستیں بھی ٹرائل کورٹ نے مسترد کر دی تھیں،رواں سال 4 جولائی کوانہوں نے ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
دہلی پولیس نے درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے دعویٰ کیاتھا کہ دونوں کارکن فسادات کے”ماسٹر مائنڈ” ہیں۔
ضمانت مسترد ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ساکیت گوکھلے نے کہاہے کہ عمرخالد اور شرجیل امام کی ضمانت چھ سال کی حراست کے بعد بھی مسترد کی جا رہی ہے۔
ناقدین نے عمر خالد اور دیگر سی اے اے مخالف کارکنوں کی طویل کی مذمت کرتے ہوئے یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے استعمال پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس قانون کو ملزمان کو برسوں تک بغیر مقدمے کے قید رکھنے کیلئے استعمال کیا جارہاہے۔






