بھارت : ووٹ چوری ملک سے غداری ہے جس کی سزا مل کر رہے گی :کانگریس
نئی دہلی: بھارت میں کانگریس نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس نے ووٹ چوری کا ایک نیا ثبوت پیش کیا ہے۔ یہ ثبوت ’رپورٹرس کلیکٹیو‘ کی ایک رپورٹ ہے جس میں کچھ اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔ کانگریس نے اس بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ رپورٹرس کلیکٹیو نے ملک کی 500 سے زائد اسمبلی اور لوک سبھا سیٹوں پر الیکشن کمیشن کے داخلی ریکارڈز چیک کیے۔ ان میں 50 سے زائد سیٹوں پر دھاندلی کا پتہ چلا ، پھربھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
کانگریس نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے داخلی ریکارڈ کے مطابق مہاراشٹر کی ممبئی نارتھ سیٹ سے بی جے پی کے پیوش گویل انتخاب جیتے، جہاں 18.11 لاکھ ووٹ پڑے، لیکن نتیجے میں صرف 10.33 لاکھ ووٹ شمار کیے گئے، مطلب 7.78 لاکھ ووٹوں کا حساب غائب نظر آیا۔ اسی طرح ہریانہ کے بڑکھل حلقے میں 3.32 لاکھ ووٹ پڑے، لیکن ای وی ایم میں صرف 1.60 لاکھ ووٹ شمار کیے گئے، یہاں بھی بی جے پی کا امیدوار انتخاب جیتا۔
کانگریس نے کہا کہ ظاہر ہے، ڈالے گئے ووٹ اور شمار کیے گئے ووٹ میل نہیں کھاتے ہیں۔ حیرانی کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس دھاندلی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی کوئی از سر نو ووٹنگ ہوئی۔ پارٹی نے کہا کہ جب ان خامیوں پر راہل گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے سوال پوچھے اور ریکارڈ عام کرنے کی بات کہی تو مودی حکومت نے اصول بدل کر رسائی کو مزید سخت کر دیا۔کانگریس نے اسے واضح طور پر ووٹ چوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے نریندر مودی اور الیکشن کمیشن مل کر پورے ملک میں انجام دے رہے ہیں۔ لیکن اب ملک کی عوام حقیقت جان چکی ہے اور وہ ووٹ چوروں کو معاف نہیں کرے گی۔ کانگریس نے کہاکہ ووٹ چوری ملک سے غداری ہے، جس کی سزا مل کر رہے گی۔






