منی پور : کانگ پوکپی میں ایک بزرگ کوکی شخص کے قتل پر ہڑتال
امپھال:شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کے ضلع کانگ پوکپی میں کوکی برادری کے 71سالہ رکن کے اغوا اور قتل کے خلاف کوکی زو برادری کی جانب سے ایک روزہ ہڑتال کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیٹی آن ٹرائبل یونٹی نے ہیم جانگ ہائوکیپ کے اغوا اور قتل کے خلاف ہڑتال کی کال دی ہے۔ ہیم جانگ کو3 اکتوبر کو اس کی کھیت سے اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد دیہاتیوں کو اس کی لاش ملی تھی۔
ہڑتال کے باعث دکانیں، کاروباری مراکز، نجی ادارے اور اسکول بند رہے، جبکہ سرکاری دفاتر میں حاضری کم رہی ۔ نیشنل ہائی وے-2 پر ٹریفک بھی معطل رہی اور بعض مقامات پر مظاہرین نے گاڑیوں کو واپس جانے پر مجبور کیا۔
ہائوکیپ کی لاش اتوار کی شام برآمد ہوئی تھی اور بعد ازاں اسے کانگ پوکپی ضلعی ہیڈکوارٹر منتقل کرکے چوراچاندپور کے مردہ خانے میں رکھا گیا۔
قتل کے واقعے پر کوکی زو برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ منی پور میں جاری طویل نسلی تنازعے کے باعث سکیورٹی صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔






