باغ آزادکشمیر کے عوام سے یوم سیاہ کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اپیل
مظفر آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے باغ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم سیاہ کے حوالے سے حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام باغ میں منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما مشتاق احمد بٹ نے باغ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27اکتوبر 1947 تایخ کشمیر کا ایک المناک دن ہے جب بھارتی افواج سرینگر میں اتاری گئیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان کی سیاسی، قومی اور جمہوری امنگوں کو نظرانداز کرکے مسئلہ کشمیر کا کوئی منصفانہ اور پائیدار حل ممکن نہیں۔
انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے تعین کا حق حاصل ہونا چاہیے اور ان کی جائز سیاسی امنگوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ، پائیدار اور قابلِ قبول حل تلاش کیا جانا چاہئے۔ انہوںنے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اورمسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔
حریت رہنما کی قیادت میں ایک وفد نے باغ میں قادر آباد کیمپ کے کونسلر محمد الطاف کے گھر جا کر ان کے والد کی وفات پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔وفد نے صدر چھتر کیمپ نمبر 2 چوہدری محمد اقبال کی والدہ کی وفات پر بھی ان سے اور دیگر پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہارکیا ۔ انہوں نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وفد میں سید مشتاق حسین، سید گلشن ، محمد لطیف لون ،ارشاد احمد بٹ اور محمد شفیع کشمیری شامل تھے۔








