امریکہ میں کشمیری فلم ساز کی گرفتاری،ممکنہ انتقامی کارروائی کے خدشات
واشنگٹن: امریکہ میںکشمیری فلم ساز عرفات شیخ کی گرفتاری نے ممکنہ انتقامی کارروائی کے خدشات کو جنم دیا ہے کیونکہ ان کی ایوارڈ یافتہ فلم” سیفرون کنگڈم ”میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور ریاستی جبر کو اجاگر کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 42 سالہ عرفات شیخ کو 24 ستمبر کو ورجینیا کے واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز سے اترنے کے کچھ ہی دیر بعد امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE)حکام نے حراست میں لے لیا۔”عرفات شیخ کی رہائی کی حمایت کرو” کی مہم چلانے والوں کاکہنا ہے کہ24ستمبر 2026کو ہمارے دوست، فلم ساز اور سیفرون کنگڈم کے فلم ساز عرفات شیخ کو ڈلس ایئرپورٹ پر طیارے سے اترتے ہی آئی سی ای نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا۔
ورجینیاکے علاقے الیگزینڈریا میں مقیم عرفات شیخ واشنگٹن ڈی سی میں فن اور مزاحمت کے موضوع پر ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ انہیں امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا۔ وہ اس وقت بالنگ گرین، ورجینیا کے کیرولین ڈیٹینشن سینٹر میں زیر حراست ہیں۔ایوارڈ یافتہ فلم ساز عرفات شیخ نے اپنی فلموں کے ذریعے کشمیریوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ریاستی مظالم کو بے نقاب کیا۔ ان کے فن پاروں میں شناخت، استقامت اور انصاف جیسے موضوعات کو موثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔عرفات شیخ فلم کے شعبے میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لیے قانونی طور پر اسٹوڈنٹ ویزے پر امریکہ گیا تھا جہاں انہوں نے جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی سے فلم کے شعبے میں گریجویشن کی اور بعد ازاں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دی۔ان کے حامیوں کے مطابق ان کی امیگریشن درخواست زیر التوا ہے اور انہیں امریکہ میں رہنے اور کام کرنے کی اجازت حاصل ہے۔
عرفات کی حراست نے ان کے دوستوں اور حامیوں میں تشویش پیدا کردی ہے، جن کا کہنا ہے کہ کشمیر سے متعلق ان کے فلمی کام اور سیاسی اظہار پرانہیں ممکنہ طورپر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا یا جاسکتا ہے۔ بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں ان کے موقف کو کمزور کرنے کے لئے بھارتی حکومت اور سفارتی دبائونے کردار ادا کیا ہو۔عرفات شیخ کی حراست نے ان کشمیری آوازوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں جو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دے کر فن اور سینما کے ذریعے اجاگر کرتے ہیں۔






