آسام، چھتیس گڑھ اور منی پور میں مختلف واقعات میں37بھارتی اہلکار زخمی
نئی دہلی:بھارتی ریاستوں آسام، چھتیس گڑھ اور منی پور میں مختلف واقعات کے دوران بھارتی فورسز کے کم از کم 37 اہلکار زخمی جبکہ ایک بس ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسام میں انتخابی ڈیوٹی سے واپسی پر بارڈر سکیورٹی فورس کی بس ہالی کے قریب شاہراہ پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 32 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ان میں سے 14کو شدید چوٹیں آئیں۔ زخمی اہلکاروںکو بارپیٹا میڈیکل کالج و ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے میں بس ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں ایلرمڈگو پیراملٹری کیمپ کے قریب ناکارہ اور بچ جانے والے دھماکا خیز مواد کو تلف کرنے کے دوران دھماکے سے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے چار اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر ایم کے تیواری، انسپکٹر امرناتھ مشرا، اسسٹنٹ سب انسپکٹر انیس خان اور ہیڈ کانسٹیبل کلدیپ راج شامل ہیں۔
ادھر منی پور کے ضلع امپھال ایسٹ میں نیو لمبولین کے مقام پر ریپڈ ایکشن فورس کے بی/107 کیمپ کے دروازے پر نامعلوم حملہ آوروں نے دستی بم سے حملہ کیا ، جس سے ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار کی شناخت اتر پردیش کے رہائشی دھنن جے رائے کے طورپر ہوئی ہے۔







