مقبوضہ جموں وکشمیر: بھارتی فورسز کی متعدد اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فورسز نے متعدد اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورسز نے مقبوضہ وادی کشمیر کے ضلع کپواڑہ جبکہ جموں خطے کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دیں۔
بھارتی فورسز نے ضلع کپواڑہ میں کنٹرول کے قریب واقع علاقے کیرن جمگنڈ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ بھارتی فوج نے کہا ہے کہ یہ آپریشن علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع پر شروع کیا گیا ۔
بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروں نے ضلع پونچھ میں کئی مقامات پر تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا کہ تلاشی کی یہ کارروائیاں ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کے علاقوں گرسائی-ہارونی-بیدھر، گاں دھارانہ، کشمیر محلہ، بہری جنگل اور دیگر کئی ملحقہ علاقوں میں کی جا رہی ہیں۔
بھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے علاقے کنڈی تھنگوالی کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔قبل ازیں بھارتی فوج نے کنڈی تھنگوالی میں اایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ برآمد کرنے کا دعوی کیا تھا۔
مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے تلاشی آپریشن روز کا معمول ہے جسکا مقصد کشمیریوں کو خوف و دہشت کا شکار کرنا اور انہیں اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنا ہے۔








