بھارت: گجرات میں مسلمانوں کے خلاف غنڈہ گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
احمد آباد: بھارت میں شہری حقوق کی تنظیموں نیشنل الائنس فار پیپلز موومنٹ (NAPM)، ایکٹ ناو فار ہارمنی اینڈ ڈیموکریسی (ANHAD) اور پیپلز یونین فار سول لبرٹیز (PUCL) کی تیار کردہ ایک درخواست پر تقریباً 200 افراد نے دستخط کیے ہیں، جس میں بی جے پی کے زیرِ اقتدار بھارتی ریاست گجرات میں ہندوؤں کے تہوار نوراتری کی تقریبات کے دوران ’’خودساختہ محافظ گروہوں کی مداخلت‘‘ پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ درخواست احمد آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں فنکار آدتیہ گادھوی پرفارم کر رہے تھے۔ ان کی پرفارمنس کے دوران اسٹیج سے اعلان کیا گیا کہ غیر ہندو افراد رضاکارانہ طور پر تقریب سے چلے جائیں۔ بعد ازاں گادھوی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوتوا سے وابستہ خودساختہ محافظ گروہوں نے زبردستی اسٹیج پر قبضہ کر لیا تھا اور وہاں امتیازی اعلان کیا تھا۔
درخواست پر دستخط کرنے والوں نے کہا کہ تقریب کے میزبان اور ریڈیو جوکی آکاش تریویدی کی جانب سے اسٹیج سے کیے گئے اعلان میں واضح طور پر غیر ہندوؤں، بالخصوص مسلم برادری کے افراد، سے فوری طور پر مقام چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خودساختہ محافظ گروہوں کے دباؤ میں کیے جانے والے اس طرح کے ’’جابرانہ شناختی چیک‘‘ آئین کی دفعات 14، 15 اور 21 کے تحت حاصل ضمانتوں کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گجرات بھر میں دھمکانے اور خوف زدہ کرنے کا یہ رجحان فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
درخواست پر دستخط کرنے والوں میں انسانی حقوق اور امن کے کارکن سیڈرک پرکاش، دلت اور انسانی حقوق کے کارکن مارٹن میکوان، سینما کی محقق اور سابق پروفیسر ایرا بھاسکر، معروف ماہرِ عمرانیات گھنشیام شاہ، پی یو سی ایل گجرات کی سیجل ڈنڈ، این اے پی ایم گجرات کے بھارگو اوزا، شہری منصوبہ بندی کی محقق درشنی مہادیویا اور موہن داس کرم چند گاندھی کے پڑپوتے تشار اے گاندھی شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ اس اعلان میں وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) سمیت غیر آئینی خودساختہ محافظ گروہوں کے ارکان کی موجودگی اور ہدایات کا حوالہ دیا گیا، جبکہ مشکوک افراد کی اطلاع دینے کے لیے ایک ہاٹ لائن نمبر بھی مشتہر کیا گیا۔
دستخط کنندگان نے پولیس پر زور دیا کہ وہ ان تنظیموں کے ارکان کے خلاف فیصلہ کن اور سخت کارروائی کرے جو قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں، تقریبات کے مقامات میں زبردستی گھستے ہیں اور شرکا کو خوف زدہ کرتے ہیں۔ انہوں نے گجرات حکومت اور ریاست کے ڈائریکٹر جنرل پولیس سے بھی مطالبہ کیا کہ خودساختہ محافظ گروہوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور تقریب کے منتظمین کو جواب دہ بنایا جائے، تاکہ ٹکٹ خرید کر آنے والے تمام شرکا کی حفاظت اور آئینی حقوق یقینی بنائے جا سکیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ ’’ثقافتی اجتماعات کو دانستہ طور پر دشمنی، اخراج اور تقسیم کے مراکز میں تبدیل کرنا ہماری ریاست کے سماجی ڈھانچے کو نقصان پہنچاتا ہے۔‘‘ اس میں مزید کہا گیا کہ ایسے واقعات نہ تو نئے ہیں اور نہ ہی پہلی مرتبہ پیش آئے ہیں، بلکہ گزشتہ کئی برسوں سے نوراتری کی تقریبات کے دوران مسلسل پیش آ رہے ہیں۔
دستخط کنندگان نے بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے سامنے خاموشی کو مزید لاقانونیت کی راہ ہموار کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے سول سوسائٹی کی تنظیموں، قانونی برادری، تجارتی یونینوں، نوجوانوں کی تنظیموں، ثقافتی شعبے سے وابستہ افراد اور باشعور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ قانونی اداروں کے سامنے اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھائیں۔








