بارہمولہ کے نوجوان کو دھوکے سے روسی فوج میں شامل کیاگیا، اہلخانہ کی بازیابی کے لیے اپیل
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر پھنسایا گیا اور پھر اسے زبردستی روسی فوج میں شامل کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی کے گاں سعید پورہ کے رہائشی سید نظام شاہ کے بیٹے، اعجاز احمد گیلانی، تقریبا ایک ماہ قبل روزگار کی تلاش میں روس گئے تھے۔ وہاں انہیں ملازمت کے بہانے دھوکہ دیا گیا اب اطلاعات ہیں کہ وہ کسی حراستی مقام پر ہیں اور ان سے رابطہ ممکن نہیں ہے۔ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا اعجاز سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے اور وہ ان کی حفاظت کے حوالے سے شدید فکرمند ہیں۔
خاندان نے حکام پیل کی ہے کہ ان کا پتہ لگایا جائے اور ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔یہ واقعہ ایک وسیع تر مسئلے کی عکاسی کرتا ہے جس میں بھارتی شہریوںجن میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے افراد بھی شامل ہیںکو، دھوکے باز ایجنٹوں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں نے روس بلایا۔ انہیں سویلین ملازمتوں، سیکیورٹی معاون کے کرداروں یا تعلیم کے مواقع کا جھانسہ دیا گیا تھا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق، تقریبا 267 بھارتی شہری روسی مسلح افواج میں شامل کیے گئے۔ ان میں سے 139 افراد کو سفارتی کوششوں کے بعد فارغ کر دیا گیا، جبکہ 51 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 77 بھارتی شہریوں کا کوئی پتہ نہیں ہے، جبکہ روسی حکام نے سات افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اعجاز گیلانی بھی ان افراد میں شامل ہیں جن کا ذکر بھارتی وزارت خارجہ نے کیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ کس طرح بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں معاشی مشکلات اور بے روزگاری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دھوکے باز اور انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کشمیری نوجوانوں کو بیرونِ ملک جنگ زدہ علاقوں میں دھکیل رہے ہیں۔ یہ صورتحال مودی حکومت کے 5 اگست 2019 کے بعد کیے گئے ان بلند بانگ دعووں کی نفی کرتی ہے جن میں ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بات کی گئی تھی۔






