مقبوضہ جموں و کشمیر میں چار اہم واقعات: کشمیری عوام کی سلامتی، معاش اور بنیادی حقوق پر سوالات
محمد شہباز
مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے حالیہ دنوں میں چار اہم واقعات رونما ہوئے ہیں، جنہوں نے کشمیری عوام کی سلامتی، معاشی تحفظ، حقِ رہائش اور خطے میں بھارتی فوجی کاروائیوں اور مظالم سے متعلق مختلف سوالات کو جنم دیا ہے۔ ان میں بھارت کی مختلف ریاستوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر آنے والی مسافر بسوں پر پتھراؤ، بارہمولہ میں 50 بھیڑوں کی ہلاکت، جنوبی کشمیر میں ایک زیرِ حراست کشمیری شخص کے آبائی مکان کی مسماری اور ایک بھارتی فوجی افسر کی بیوی کے خلاف مبینہ جاسوسی کے الزامات شامل ہیں۔
18اکتوبر کو بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک کشمیری مسافر بس پر ہندوتوا غنڈوں نے شدید پتھراو کیا۔اسٹار ورلڈ وینچرزنامی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس ڈیوائن اسٹار ڈھابے پر رکی ہوئی تھی کہ ہندو غنڈوں نے کشمیری ڈرائیور کو گالیاں دیں اور گاڑی پر پتھراو کیا۔بس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کشمیری مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مذکورہ مسافر بس دہلی سے سرینگر آرہی تھی ۔ اس واقع میں ایک معمر مسافر زخمی بھی ہوا۔یاد رہے ہریانہ میں بی جے پی کی حکومت ہے۔
19اکتوبرکو پنجاب کے شہر لدھیانہ کے قریب ایک اور مسافر بس پتھراو کا نشانہ بنی، جس سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔اسٹار ورلڈ وینچرز کی سلیپر بس دہلی سے سرینگر آرہی تھی جب لدھیانہ کے قریب اس پر حملہ کیا گیا۔دو دن میں دو واقعات یکے بعد دیگرے رونما ہوئے ۔ لدھیانہ میں پتھراو سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ بس کے ڈرائیور اشفاق احمد نے میڈیا کو بتایا کہ بس پر چار مختلف اطراف سے پتھراو کیا گیا، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت مسافر خوفزدہ ہو گئے۔ انہوں نے کشمیری مسافروں کی سلامتی پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ان حملوں سے بھارت کی مختلف ریاستوں میں سفر کرنے والے کشمیریوں کی سلامتی اور آزادانہ نقل و حرکت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔ان واقعات نے پورے مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام میں بھارت کے خلاف پہلے سے موجود نفرت اور غم وغصے میں اضافہ کیا ہے اور اب تو بھارت نواز بھی یہ بات کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے کہ کشمیری اپنی سرزمین کے علاوہ بھارت میں بھی غیر محفوظ ہیں۔
کشمیری مسافر بسوں پر پتھراﺅ اور حملوں کے ان واقعات نے بی جے پی، آر ایس ایس، بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد سمیت ہندوتوا تنظیموں سے وابستہ غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں پر بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس طرح کے حملے، جو اکثر فرقہ وارانہ نفرت پر مبنی ہوتے ہیں، کشمیریوں بالخصوص بیرون ریاست کام کرنے والے افراد ، طلبہ اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیلانے اور بھارت میں محفوظ سفر کے ان کے حق کو متاثر کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ان واقعات نے ہندوتوا نظریے سے وابستہ تنظیموں اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں کے کردار پر بھی پھر ایکبار بحث کو جنم دیا ہے۔ کشمیری مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی حملے میں ملوث مجرموں کو قانون کے مطابق جواب دہ ٹھہرانا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔
دوسراواقع جو اہل کشمیر کی معاش پر کیا جانے والا جان بوجھ کر حملہ ہے ۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی گاڑی نے 50 بھیڑیں کچل دی ہیں ۔یہ واقعہ ضلع بارہمولہ کے پٹن میں رونما ہوا، جہاں بی ایس ایف کی ایک گاڑی نے بھیڑوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 50 بھیڑیں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ایک ساتھ 50بھیڑیں مار دی گئیں اور کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ ظاہر ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی سرزمین پر انسانی خون بہانا بھارتی فوج کا معمول اور پرانامشغلہ ہے ۔ اب ایک شخص جس کی کل جمع پونجی اس کی بھیڑیں تھیں،بھارتی فوجی گاڑی نے ایک ہی ٹکر میں مار دی ہیں۔ اتنا بڑا مالی نقصان۔نہ گاڑی ضبط اور نہ ہی ڈرائیور کے خلاف کوئی کاروائی ۔ نہ اسے ہتھکڈی لگی اور نہ وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلا گیا۔ ماری گئی بھیڑیں سڑک سے ہٹائی گئیں اور فوجی گاڑی بغیر کسی رکاوٹ کے چل دی۔ متاثرہ شخص اور اس کا اہل خانہ آنسو بہاتے ہوئے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔ اپنی سرزمین ،اپنا علاقہ اور مال مویشی سے لمحہ موجود میں ہاتھ دھو بیٹھنا ۔یہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی سرزمین پر ہی وقع پذیر ہوسکتا ہے۔
اس واقعے کے حوالے سے بنیادی سوال یہ ہے کہ حادثے کی ذمہ داری کا تعین کس طرح کیا جائے گا اور متاثرہ شخص کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیسے ہوگا? کسی بھی ایسے حادثے میں شفاف تحقیقات، ذمہ داری کا تعین اور قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہوتی ہے۔ اسی طرح متاثرہ خاندان کو معاوضے کی فراہمی کے مطالبے پر بھی واضح مؤقف سامنے آنا چاہیے۔
تیسرا واقع جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں رونما ہوا۔جہاں بھارتی جیل میں جرم بیگناہی کی پاداش میں قید و بند کی سزا کاٹنے والے ایک نظربند کشمیری کارکن کا رہائشی مکان تباہ کردیا گیا۔ ترال کے ناگہ بل سے تعلق رکھنے والے نظربند شخص گلزار احمد ڈار کے آبائی مکان کو مسمار کیا گیا۔ایک تو گلزار احمد ڈار بھارتی جیل میں قید ہیں اور پھر اس کے اہل خانہ کو ایک ایسے موسم میں سر کی چھت سے محروم کیا گیا جب سردیاں دروزاوں پر دستک دے چکی ہیں ، وہ بھی مقبوضہ جموں وکشمیر جیسے خطے میں جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا جاتا ہے۔
سیاسی نظریات کی بنیاد پر قید و بند میں مبتلا کشمیریوں کے اہل خانہ کو اجتماعی سزا دینے کی یہ بدترین انتقامی کاروائی ہے۔جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی اختلاف رائے کو دبانا،کشمیری عوام کے عزم کو توڑنا اور خون سے سینچی تحریک آزاد ی سے دستبردار کرانا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں05اگست2019کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے بعد رہائشی املاک کی تباہی کے علاوہ جائیداد واملاک کی ضبطی نے نظربند افراد اور ان کے اہل خانہ کے حقوق کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔
ایک معمولی سا عقل و فہم رکھنے والا انسان بھی اس بات کا بخوبی ادراک رکھتا ہے کہ یہ اقدامات مودی کی زیرِ قیادت بی جے پی حکومت اور اس کے فوجی اداروں کی جابرانہ پالیسیاں ہیں۔تاکہ اہل کشمیر میں خوف پیدا کیا جاسکے۔یہ سلسلہ 1990سے جاری ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے چپے چپے پر بھارتی فوجی بربریت اور درندگی کے نشانات آج بھی موجود اور انہیں زائل نہیں کیا جاسکتا ۔ کشمیری عوام کے سینکڑوں گھروں اور دکانوں کو جہاں بارودی دھماکوں سے ہوا میں تحلیل کیا گیا،وہیں کھیت و کھیلان بھی تختہ و تاراج کیے گئے۔وجہ ایک ہی ہے کہ اہل کشمیر کو تحریک آزادی سے باز رکھا جاسکے۔
بقول الطاف حسین حالی
تعزیرِ جرمِ عشق ہے بے صرفہ محتسب
بڑھتا ہے اور ذوقِ گنہ یاں سزا کے بعد
اہل کشمیر نے بھارت کے ہر ظلم وجبر کے مقابلے میں قربانیوں اور ثابت قدمی کی ایسی مثالیں قائم کیں کہ اپنے تو اپنے پرائے بھی انگشت بدندان ہیں۔ کشمیری عوام ماضی میں بھی سرخرو ٹھہرے ، آج بھی ہیں اور مستقبل بھی اہل کشمیر کا ہی ہے۔
چوتھا واقعہ ایک بھارتی فوجی میجر کی بیوی کے خلاف مبینہ جاسوسی سے متعلق مقدمے کا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ٹولز، بشمول چیٹ جی پی ٹی اور کلاوڈ، کی مدد سے حساس سکیورٹی، دفاعی اور جغرافیائی سیاسی امور پر تجزیاتی مقالے تیار کیے، جو مبینہ طور پر چین سے منسلک انٹیلی جنس اہلکاروں کیلئے تھے۔بھارتی فوجی حکام کے مطابق خاتون فری لانس محقق کے طور پر کام کر رہی تھیں اور 2023 میں اقوامِ متحدہ کے ساتھ آئی ٹی انٹرن شپ بھی کر چکی تھیں۔ ان سے کنٹرول لائن کی صورتِحال، مقبوضہ جموں و کشمیر کے سکیورٹی معاملات، اروناچل پردیش میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور ڈرونز کی تعیناتی سمیت مختلف حساس موضوعات پر مواد تیار کرنے کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
جموں کے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں 16 اکتوبر کو آفیشل سیکریٹس ایکٹ اور بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو 14 اکتوبر کو جموں توی ریلوے اسٹیشن پر روکا گیا، ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور ان کا موبائل فون فرانزک تجزیے کیلئے تحویل میں لیا گیا۔
خاتون کی تعلیمی قابلیت، بین الاقوامی تعلقات میں ان کی مہارت اور غیر ملکی شہریوں سے مبینہ روابط بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ ضبط کیے گئے ڈیجیٹل مواد میں دفاعی اجلاسوں، بھارت کے دوسرے ممالک سے تعلقات، فوجی حکمتِ عملی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے متعلق دستاویزات شامل ہیں۔
اس واقعے کا تجزیاتی پہلو یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں حساس معلومات کے تحفظ، ڈیجیٹل تحقیق کے استعمال اور قومی سلامتی سے متعلق مواد کی ترسیل کے سوالات پہلے سے زیادہ اہم ہوگئے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے ٹولز خود کسی تحقیق کو جاسوسی ثابت نہیں کرتے۔ اصل اہمیت اس بات کی ہوتی ہے کہ کس نوعیت کی معلومات تیار کی گئیں، وہ کس کے ساتھ شیئر ہوئیں، ان کا ذریعہ کیا تھا اور کیا ان کے تبادلے میں قانون کی خلاف ورزی ہوئی۔یہ معاملہ اس لیے بھی توجہ طلب ہے کہ اس میں ایک حاضر سروس فوجی افسر کے خاندان، حساس دفاعی موضوعات اور مبینہ غیر ملکی روابط کا ذکر ہے۔
ان چاروں واقعات کی نوعیت ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ مسافر بسوں پر پتھراؤ شہریوں کی سلامتی اور آزادانہ نقل و حرکت سے متعلق سوال اٹھاتا ہے۔ بھیڑوں کی ہلاکت متاثرہ خاندان کے معاشی تحفظ اور معاوضے کے معاملے کو نمایاں کرتی ہے۔ رہائشی مکان کی مسماری نجی املاک، حقِ رہائش اور قانونی طریقۂ کار کی اہمیت سامنے لاتی ہے۔ جبکہ بھارتی فوجی افسر کی بیوی کے خلاف مقدمہ قومی سلامتی، ڈیجیٹل معلومات اور قانونی شواہد کی جانچ سے متعلق ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کی زمینی صورتِ حال سے متعلق یہ امر لازمی ہے کہ واقعات کا تسلسل کس قدر سنگین اور ایک دوسرے سے باہم مشترک ہیں۔ ان واقعات کے وقع پذیر ہونے میں کڑیاں ایک دوسرے سے ملتی ہیں اور ایک ہی پیغام دیا جاتا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر ہو یا بھارت ،کشمیری محفوظ نہیں ہیں ۔ وہ مسلسل بھارت کیلئے خطرہ قرار دیئے جاتے ہیں اور پھر مودی سے لیکر امت شاہ، راجناتھ سنگھ اور اجیت ڈوول خاموش تماشائی زبانوں کو ذرا سی جنبش بھی دینے کے روا دار نہیں ہیں، جس سے یہ بات سمجھنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آنی چاہیے کہ ان تمام کشمیر کش کارروائیوں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے?البتہ یہ امر ضرور ہے کہ کل تک بھارت کی ہاں میں ہاں ملانے والے جنہیں عرف عام میں بھارت نواز کہا جاتا ہے آج بے بسی کی تصویر بنے اس بات کا کھل کر اظہار کرتے ہیں کہ 05 اگست 2019 کے اقدامات نے اہل کشمیر کو مایوسی، بے بسی، اختیارات سے محرومی اور اپنی ہی سرزمین پر بے دست و پا بنادیا ہے اور مودی کا یہ دعوٰی کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے خلاف حالات کی نہج کو بدل دیا ہے ، دنیا کا سب سے بڑا جھوٹ اور فریب ہے۔







