یکطرفہ نوٹیفکیشنز پر لداخ کے عوام میں شدید غم وغصہ، دہلی کا مسودہ مسترد
کرگل:لداخ میں کرگل ڈیموکریٹک الائنس(کے ڈی اے)کے رہنماوں نے دہلی کے زیر کنٹرول انتظامیہ کی جانب سے یکطرفہ نوٹیفکیشنز کے مسلسل اجرا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ تحفظات 15اکتوبر کو ہونے والے ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کردہ طرزِ حکمرانی کے مسودے پر عدم اطمینان کے بعد سامنے آئے ہیں۔ اجلاس میں کے ڈی اے، لہہ ایپکس باڈی اور بھارتی وزارت داخلہ کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔لداخ کے عوام نے اس مسودے کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مسودہ ماضی کے مذاکرات میں کیے گئے وعدوں پر پورا نہیں اترتا۔
کے ڈی اے کے شریک چیئرمین سجاد کرگلی نے کرگل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ مسلسل نوٹیفکیشنز جاری کر رہی ہے۔ ان میں لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں اور ریزرویشن سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئینی ضمانتوں پر مذاکرات تاحال بے نتیجہ ہیں، تو انتظامیہ کی ترجیحات کیا ہیں؟
سجاد کرگلی نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ لداخ کی انتظامیہ کے پاس نوٹس اور نوٹیفکیشنز جاری کرنے اور عوام پر یکطرفہ فیصلے مسلط کرنے کے سوا کوئی کام باقی نہیں رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات جمہوری حقوق پر حملے کے مترادف ہیں۔انہوں نے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوںسے متعلق مجوزہ مسودے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ یہ مقامی خودمختاری کو مضبوط بنانے کے بجائے موجودہ نظام کو کمزور کرتا ہے۔
کے ڈی اے کے شریک چیئرمین اصغر علی کربلائی نے خبردارکیاہے کہ انتظامی اقدامات کے ذریعے عوام کو خوف زدہ نہ کیاجائے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ہوشیار رہیں۔انہوںنے کہا آج ہم جو خاموشی دیکھ رہے ہیں، وہ طوفان سے پہلے کا سکون ہے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ عوام کے صبر کو خوف یا فیصلوں کی قبولیت نہ سمجھا جائے۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 22 مئی کے وزارتی اجلاس میں کیے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی بے چینی بڑھنے سے پہلے نظرثانی شدہ مسودہ پیش کیا جائے۔ اس میں مکمل قانون سازی، انتظامی اور مالی اختیارات کے ساتھ آئینی تحفظ کی ضمانت ہونی چاہیے۔
لداخ کے آزاد رکنِ پارلیمنٹ حنیفہ جان نے بھی ان خدشات کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ طرزِ حکمرانی لداخ کے عوام کی امنگوں کی عکاسی نہیں کرتا۔ ان کا بنیادی مطالبہ ایسا جمہوری نظام ہے، جس کے تحت وہ خود اپنی حکمرانی اور ترقیاتی ترجیحات کا تعین کر سکیں۔رہنماں نے مطالبہ کیا کہ 22اکتوبر کو دہلی میں ہونے والا اجلاس جو ملتوی کیاگیاتھا، مزید تاخیر کے بغیر بلایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ لداخ کا بنیادی مطالبہ آئینی ضمانت، جمہوری نمائندگی اور علاقائی معاملات پر بامعنی اختیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات کو مسلسل نظرانداز کرنے سے عوامی ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔








