بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے تھیٹر کمانڈ منصوبے پر تحفظات دہرائے
فوجی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی پر مسلح افواج کے اختلافات برقرار
اسلام آباد :بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے بھارت کے مجوزہ مشترکہ کمانڈ نظام پر ایک بار پھر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں کے اثاثوں کو جغرافیائی بنیادوں پر مستقل طور پر تقسیم نہیں کیا جانا چاہیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اے پی سنگھ نے یہ بات پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو ایک انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایسا فوجی ڈھانچہ درکار ہے جو اس کی مخصوص سلامتی ضروریات کے مطابق ہو۔ غیر ملکی ماڈلز کی محض نقل مناسب نہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم تھیٹرائزیشن کو لڑاکا طیاروں کے وسائل کو جغرافیائی بنیادوں پر مستقل طور پر تقسیم کرنے کی مشق کے طور پر نہیں دیکھ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ مشترکہ کارروائیوں اور باہمی روابط کے لیے پرعزم ہے۔
اے پی سنگھ نے موقف اختیار کیا کہ فضائی طاقت کا انحصار رفتار، رسائی اور آپریشنل صلاحیت پر ہے۔ ان کے مطابق خطرات کی نوعیت بدلنے کے ساتھ طیارے مختلف محاذوں کی مدد کر سکتے ہیں۔انہوں نے” ضرورت کے مطابق مرکزی کنٹرول” کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات مرحلہ وار نافذ کی جائیں۔ اس سے فوج کی آپریشنل تیاری متاثر ہونے سے بچ سکتی ہے۔
تھیٹرائزیشن سے متعلق بھارتی فضائیہ کے تحفظات اے پی سنگھ کے حالیہ بیان سے پہلے کے ہیں۔ 2018 میں اس وقت کے فضائی سربراہ ایئر چیف مارشل بی ایس دھنوا نے بھی اس تجویز پر سوالات اٹھائے تھے۔ ان کا موقف تھا کہ جغرافیائی کمانڈز میں فوجی وسائل تقسیم کرنے کے لیے اضافی وسائل درکار ہوں گے۔بعد کے فوجی سربراہوں کے ادوار میں بھی یہ بحث جاری رہی۔ 2021 میں سامنے آنے والی رپورٹس میں قیادت کے انتظامات اور محدود جنگی وسائل کی تقسیم پر فضائیہ کے تحفظات اجاگر کیے گئے۔ 2022 میں بھارتی میڈیا نے فضائیہ کی مخالفت کو منصوبے کی تنظیمِ نو میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا۔
اگست 2025 میں اے پی سنگھ نے اصلاحات میں جلد بازی سے خبردار کیا تھا۔ انہوں نے تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون بہتر بنانے کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی اور رابطہ کاری مرکز قائم کرنے کی تجویز دی۔ فوجی مباحثوں کے دوران مجوزہ کمانڈ ڈھانچے پر اختلافات نمایاں رہے۔
تھیٹرائزیشن منصوبے کا اعلان 2019 میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کے یونٹس کو متحدہ جغرافیائی کمانڈز کے تحت لانا ہے۔ مجوزہ نظام کا مقصد فوجی کارروائیوں کے دوران رابطہ کاری اور وسائل کی تعیناتی بہتر بنانا ہے۔تاہم تینوں افواج کے درمیان کمانڈ ڈھانچے اور آپریشنل وسائل پر کنٹرول کے معاملے میں اختلافات موجود ہیں۔
بھارتی فضائیہ کا موقف ہے کہ فضائی طاقت کو مختلف محاذوں پر ردعمل دینے کی صلاحیت برقرار رکھنی چاہیے۔اے پی سنگھ کے تازہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشترکہ فوجی منصوبہ بندی اور ہر فوجی شعبے کی آپریشنل ضروریات میں توازن پیدا کرنا اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ بنیادی بحث یہ ہے کہ بھارت اپنی مسلح افواج کو کس طرح یکجا کرے جبکہ فضائی طاقت کی رسائی اور صلاحیت کم نہ ہو۔






