کولگام کو ایک چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا:محبوبہ مفتی
علاقے سے انتہائی تشویشناک اطلاعات آرہی ہیں
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کولگام کے علاقے آکھرن کو عملاً ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور علاقے سے سامنے آنے والی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی کا یہ بیان گزشتہ ہفتے ضلع کولگام کے گاوں آکھر ن میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک چوکی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہاکہ چند روز قبل سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے کے بعد کولگام کے علاقے آکھرن نوپورہ کو عملاً ایک فوجی چھاو¿نی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ علاقے سے سامنے آنے والی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
محبوبہ مفتی نے مزید لکھاکہ نامعلوم عسکریت پسندوں کی کارروائیوں اور ممکنہ سکیورٹی کوتاہیوں کی سزا پوری آبادی کو دینا انتہائی ناانصافی اور ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہاکہ اجتماعی سزا سے صرف احساس محرومی اور ناراضی جنم لیتی ہے۔ بے گناہ لوگوں کو اس کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے۔







