بیانات

پاکستان مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہے، عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کر رہا ہے، فاروق عبداللہ

فاروق عبداللہ کے بیان پر بھارت میں سیاسی ہنگامہ، بی جے پی اور کانگریس کی کڑی تنقید

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق حالیہ بیان پر بھارت میں سیاسی ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے، جبکہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ان کے بیان کو بھارت مخالف قرار دیا ہے۔

فاروق عبداللہ نے ہفتے کے روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نیشنل کانفرنس کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمسایہ ملک پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرکے ان کی حفاظت کر رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے دفعہ 370 کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کشمیری مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔ فاروق عبداللہ نے کشمیری عوام سے کہا کہ وہ جدوجہد کریں، ورنہ انہیں مٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کی حفاظت کر رہا ہے، ورنہ نئی دہلی کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی کوششیں کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے میں اہم رہی ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’آپ دہلی سے کیا توقع کر سکتے ہیں؟ کیا یہ انصاف کریں گے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھنا ہوگا، ورنہ کشمیریوں کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خاموش ہیں کیونکہ پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہے اور ان کی حفاظت کر رہا ہے۔

فاروق عبداللہ نے الزام لگایا کہ مودی حکومت سیاسی مفادات کے لیے مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہی ہے۔

بی جے پی رہنماؤں نے فاروق عبداللہ کے بیان کو بھارت مخالف قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ کانگریس کے بعض رہنماؤں نے بھی اس بیان سے اختلاف کیا ہے۔ کانگریسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ فاروق عبداللہ کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔

بی جے پی کے ترجمان آر پی سنگھ اور مقبوضہ کشمیر میں پارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے فاروق عبداللہ کے بیان کو بھارت مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا رویہ بھارت مخالف رہا ہے۔ انہوں نے اس بیان کو کھلی بغاوت اور ملکی وحدت و سالمیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے فاروق عبداللہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بی جے پی رہنما رویندر رینا نے بھی فاروق عبداللہ کے بیان کو انتہائی قابلِ مذمت اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فاروق عبداللہ نے ایک بار پھر غداری کی ہے۔

سہارنپور سے کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ عمران مسعود اور سماجوادی پارٹی کے رہنما محب اللہ ندوی نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں فاروق عبداللہ کے بیان کی مذمت کی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button