سرکریک: سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں 4 پاکستانی ماہی گیر گرفتار
بھارتی فورسز نے ماہی گیروں کی کشتی قبضے میں لے لی، فشر فوک فورم کا رہائی کا مطالبہ
سرکریک: بھارت نے سرکریک میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں چار پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرکے ان کی کشتی قبضے میں لے لی ہے۔ گرفتار پاکستانی ماہی گیروں کا تعلق ضلع سجاول کے ساحلی علاقے چھچھ جہان خان سے ہے۔
فشر فوک فورم کے وائس چیئرمین نور محمد تھیمور نے کہا ہے کہ چاروں ماہی گیر، عبدالقادر تھیمور، محمد موسیٰ، اصغر تھیمور اور احسان، گہرے سمندر میں مچھلی اور جھینگے کے شکار کے لیے گئے تھے، جہاں بھارتی فورسز نے انہیں گرفتار کر لیا۔
انہوں نے چاروں ماہی گیروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا۔ فشر فوک فورم نے گرفتار ماہی گیروں کی خیریت اور قانونی حیثیت سے متعلق فوری معلومات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور ان کی جلد رہائی و وطن واپسی کے لیے انسانی بنیادوں پر ضروری اقدامات پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ سرکریک پاکستان اور بھارت کے درمیان سمندری حدود سے متعلق ایک دیرینہ تنازع ہے۔






