پاکستان ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا،وزیر اعظم
پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا،شہباز شریف
اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر ان کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یومِ سیاہ، جموں و کشمیر، پر اپنے پیغا م میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن ہمیں جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک المناک باب کی شروعات کی یاد دلاتا ہے جب 79 برس قبل بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئی تھیں۔انہوں نے کہاکہ یومِ سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پرحکومت اور پاکستان کے عوام ، بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیری اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ، ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول سے مسلسل محروم ہیں۔5اگست2019سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یک طرفہ اقدامات کا ایک سلسلہ اختیار کر رکھا ہے، جن میں بنیادی آزادیوں پر وسیع پیمانے پر پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ ان اقدامات نے اس علاقے کی سیاسی، قانونی اور آبادیاتی حیثیت کو متاثر کیا ہے اور جن کی جانب عالمی سطح پر سنجیدہ توجہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف واضح، مستقل اور اصولی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر ممکن نہیں، ایسا حل جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو۔آج کے دن میں ان بے شمار کشمیری مرد و خواتین اور بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دعا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو پائیدار امن، وقار اور سلامتی پر مبنی مستقبل نصیب ہو اور ان کی امنگیں، بشمول حقِ خودارادیت، پوری ہوں۔KMS-Y







