پاکستان

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، ڈی چوک پر مرکزی تقریب

پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا،نائب وزیر اعظم

اسلام آباد: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر ڈی چوک اسلام آبادپر وزارت امور کشمیر کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سائرن بجا کر1منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہم ہر سال یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں جس کا مقصد دنیا کو بھارت کے بھیانک قدم سے آگاہ کرنا ہوتا ہے، یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ دنیا میں کشمیری عوام کی آواز بلند کریں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہم نے دنیا کے ہر کونے میں اجاگر کیا ہے ۔او آئی سی کے 57 ممالک میں ہم نے اس عنوان کو اجاگر کیا۔دنیا اس مسئلہ کشمیر کو بھولی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اس مسئلے کو مزید گھمبیر بنا دیاہے۔ جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینا ائین کے منافی تھا، بھارتی اقدامات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی جدوجہد کو جاری رکھنا ہے، بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے، اسی باعث غیر ملکی مندوبین کو وہاں آنے کی اجازت نہیں دی جاتی، اس لیے کہ دنیا بھارت کے مظالم جان نہ لے۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان ہر فورم پر مسئلہ کشمیر پر بات کرتے آئے ہیں، حال ہی میں شنگھائی میں ہم نے کشمیر کے لیے آواز بلند کی، ہم یو این جنرل اسمبلی سمیت ہر فورم پر کشمیر کی آواز بنتے ہیں، ہمارا یقین ہے کشمیریوں کو جلد انکا حق ملے گا۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کی آواز بنتا رہے گا، پاکستان کشمیر کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جو اسلام آباد کے ڈی چوک میں عوام کا جم غفیر دیکھ رہا ہوں مجھے یقیں ہو رہا کہ کشمیر جلد آزاد ہو گا، کشمیری عوام کو ہر صورت انکا حق واپس دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر 1947ایک سیاہ ترین دن تھا جب بھارت نے زبردستی کشمیر پر قبضہ کیا، 80سال ہو گئے مگر کشمیری عوام کا حوصلہ پست نہیں ہوا، 97ہزار سے زائد شہری وہاں شہید ہو چکے ہیں، کتنی بہنیں بیوہ ہو گئیں اور بچے یتیم ہو گئے، ان تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کے دل میں اپنا حق لینے کا جذبہ موجود ہے۔
واضح رہے کہ 27اکتوبر 1947کو بھارت نے سرینگر میں اپنی فوجیں اتار کر کشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر لیا تھا۔ اس اقدام کے خلاف کشمیری ہر سال 27اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کو اجاگر کرنا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button