مودی حکومت کی ناکام ‘اگنی پتھ’ سکیم جوانوں کے ساتھ دھوکہ ہے: سابق فوجی افسر
اگنی پتھ جیسی سکیمیں سنگین نتائج کا سبب بنتی ہیں، تجزیہ کار
نئی دلی: مودی حکومت کی ناکام ‘اگنی پتھ’ سکیم کو سابق فوجی افسروں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم براہِ راست بھارت کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچا رہی ہے، نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ ہے اور علاقائی و بین الاقوامی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گڑھوال رائفلز کے ریٹائرڈ کرنل سنیل کوٹنالا، جو تقریباً 25 سالہ فوجی اور آپریشنل تجربہ رکھتے ہیں، نے سکیم پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے فوج کی تیاری اور ‘اگنی ویروں’ کے مستقبل کے حوالے سے سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت بھرتی ہونے والے 75 فیصد نوجوانوں کو چار سال مکمل کے بعد فارغ کر دیا جائے گا، جبکہ صرف 25 فیصد کو مستقل ملازمت کے لیے رکھا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں ہزاروں تربیت یافتہ فوجی بے روزگاری اور مالی عدم تحفظ کا شکار ہو جائیں گے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگنی پتھ اسکیم جسے 2022 میں اسے نافذ کیا گیا تھا ، کے حوالے سے نہ ماہرین سے مشاورت کی گئی، نہ کوئی ‘وائٹ پیپر’ جاری کیا گیا اور نہ ہی مسلح افواج پر اس کے اثرات کا کوئی جامع جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس اسکیم کا بنیادی مقصد پنشن کے بوجھ کو کم کرنا اور دفاعی اخراجات میں بچت کرنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ترجیحات کا یہ تعین قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
دسمبر 2026 تک، 2022 میں بھرتی کیے گئے تقریباً 24ہزار4سو نوجوانوں پر مشتمل پہلے دستے میں سے 18ہزار3سو سے زائد جنگی تربیت یافتہ ‘اگنی ویروں’ کو محض چار سال کی سروس کے بعد ملازمت سے نکال دیا جائے گا۔
بھارتی مسلح افواج میں اب تک مجموعی طور پر تقریباً 3 لاکھ 18 ہزار اگنی ویروں کو بھرتی کیا جا چکا ہے—جن میں سے تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار فوج میں، 27 ہزار ائر فورس میں اور 21 ہزار بحریہ میں شامل ہیں۔
ان تربیت یافتہ فوجیوں کو بغیر کسی مستقل پنشن، ملازمت کے تحفظ یا مستقبل کی ضمانت کے فارغ کر دینا، نوجوانوں اور مسلح افواج کے ساتھ ایک دھوکہ ہے۔
ایسے وقت میں جب بھارت کو اہلکاروں کی شدید کمی کا سامنا ہے—جہاں ہر سال تقریباً 70,000 افراد ریٹائر ہو رہے ہیں جبکہ مستقل بنیادوں پر بھرتی ہونے والوں کی تعداد اس کے مقابلے میں بہت کم ہے—اور ساتھ ہی چین، پاکستان، میانمار اور بنگلہ دیش کی سرحدوں پر سیکیورٹی کیصورتحال انتہائی غیر مستحکم ہے، ایسے میں مستقل نفری میں کمی کرنا ایک سنگین اسٹریٹجک غلطی ہے۔
بھارتی افواج کی کمزوری کی ایک واضح مثال مئی 2025 میں پاکستان کے ساتھ مارکہ حق تصادم کے دوران سامنے آئی، بھارتی ائر فورس نے اعلی درجے کے کئی طیارے کھوئے۔
تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ اگنی پتھ جیسی پالیسیاں نہ صرف فوج کو کھوکھلا کرتی ہیں بلکہ دیگر سنگین نتائج کا بھی باعث بنتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ چار سالہ سروس کے بعد نوجوان پھر بے روزگار ہوجائیںگے اور فوجی تربیت سے لیس ان نوجوانوں کا ایسے جرائم پیشہ گروہوں میں شامل ہونے کا خطرہ ہے جو جدید گوریلوں کے طور پر کام کرتے ہیں اور یہ علاقائی پڑوسیوں اور وسیع تر بین الاقوامی برادری کو غیر مستحکم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں







