مغربی بنگال: ہندوتوا ہجوم کا مسیحی خاندان پر تشدد، مذہب تبدیل کرنے کا مطالبہ ، بائبل کی بے حرمتی
کولکتہ :بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر اقتدار ریاست مغربی بنگال میں ہندو توا ہجوم نے ایک مسیحی خاندان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ،جان سے مارنے دھمکیاں دیں اور بائبل کی بے حرمتی کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ مشرقی مدناپور ضلع میں پیش آیا، جہاں 30 کے لگ بھگ ہندو توا غنڈوں نے27 سالہ پاروتی ہیمبرم سورین کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ وہ اس وقت اپنے شوہر اور دو بچوں کے ساتھ مذہبی دعا میں مصروف تھیں۔ ہندو تو ا تنظیم وشو ہندو پریشدکے غنڈوںنے خاندان کو گالیاں دیں، ان کی بائبلیں چھین لیں اور انہیں ایک کمرے میں بند کر دیا۔
پاروتی نے بتایاکہ انہوں نے مجھے تھپڑ مارے، لاتیں اور گھونسے برسائے اورگھسیٹتے ہوئے لے گئے۔ تشدد کا یہ سلسلہ تقریبا ایک گھنٹے تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں پاروتی بے ہوش ہو گئیں۔ غنڈوںنے دیگر اہلخانہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور بائبل کی بھی بے حرمتی کی ور انہیں قریبی تالاب میں پھینک دیا۔
پاروتی کے مطابق ہجوم بار بار مطالبہ کر رہا تھا کہ ان کا خاندان مسیحیت ترک کر کے ہندو مذہب میں آ جائے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر خاندان نے ایسا کرنے سے انکار کیا تو انہیں تشدد، موت اور سماجی و معاشی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ خاندان اس سے قبل بھی ‘بجرنگ دل’سے وابستہ افراد کی دھمکیوں کا سامنا کر چکا ہے۔ پاروتی کا کہنا ہے بار بار کی شکایت کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔جبکہ تازہ ترین حملے کے بعد پولیس نے مقدمہ تو درج کیا، لیکن کسی حملہ آور کوابھی تک گرفتار نہیں کیا۔






