مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارتی فورسز نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران 33 کشمیریوں کو شہید کیا

قابض حکام نے 4,764 افرادکو گرفتار اور 312 جائیدادیں ضبط کیں

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے 2026ءکے پہلے دس ماہ کے دوران اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں 33 کشمیریوں کو شہید کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی جانب سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فوج، راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں کاونٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے)، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے محاصرے اور تلاشی کی 12,090 کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران نوجوانوں، طلبائ، سیاسی کارکنوں اور خواتین سمیت 4,764 افراد کو گرفتار کیا۔
گرفتار کیے گئے متعدد افراد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) اور پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز نے کم از کم 53 مکانات اوردیگر عمارتوں کو تباہ کیا یا انہیں نقصان پہنچایا۔
نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت انتظامیہ نے جو براہِ راست بھارتی وزارت داخلہ کے کنٹرول میں ہے، نوآبادیاتی طرز کے جابرانہ اقدامات میں شدت لاتے ہوئے کشمیریوں کی 312 جائیدادیں ضبط کر لیں جن میں رہائشی مکانات، زمینیں، دکانیں، ادارے اور گاڑیاں شامل ہیں۔
بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں سات کشمیریوں کو شہید کیا۔اس عرصے میں محاصرے اور تلاشی کی 187 کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران سیاسی کارکنوں، نوجوانوں، خواتین اور طلباءسمیت 26 شہریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ متعدد گرفتار افراد کے خلاف یو اے پی اے اور پی ایس اے سمیت کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ اس ماہ کے دوران 19 کشمیریوں کی املاک بھی ضبط کی گئیںجن میں مکانات اور زمینیں شامل ہیں۔
حریت رہنما ﺅںاور کارکنوں سمیت تین ہزار سے زائد کشمیری غیرقانونی طورپرنظربند ہیں جنہیں بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ ان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر حمید فیاض، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، فیاض حسین جعفری، ظفر اکبر بٹ، نور محمد فیاض، شوکت حکیم، ایڈووکیٹ زاہد علی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، رفیق احمد گنائی، فاروق احمد توحیدی، غلام محمد خان سوپوری، سلیم نناجی، محمد یاسین بٹ، عمر عادل ڈار، حیات احمد بٹ اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو شامل ہیں۔
یہ افراد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنے پر من گھڑت الزامات کے تحت سالہاسال سے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں نظربندہیں جنہیں حق خودارایت کا جائز مطالبہ کرنے پربھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بدترین سیاسی انتقام کانشانہ بنارہی ہے
امورکشمیر کے ماہرین اور سیاسی تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ غیر قانونی گرفتاریاں، املاک کی ضبطی اور انہدامی کاروائیاں بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنا، سیاسی اختلافِ رائے پر سزا دینا، خوف اور عدم تحفظ کی فضا پیدا کرنا اور تحریکِ آزادی کشمیر کو دبانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل قتل و غارت، من مانی گرفتاریاں، چھاپے، ہراسانی اور دیگر جابرانہ اقدامات کا مقصد کشمیری عوام کو ہراساں کرنا اور انہیں اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی مکانات اور دیگر املاک کو مسمار کرنے بالخصوص تحریکِ آزادی کی حمایت کرنے والے افراد کی املاک کو نشانہ بنانے سے مقامی آبادی میں عدم تحفظ اور معاشی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
تجزیہ کاروں نے کہا کہ ایسے جابرانہ اقدامات کشمیریوں کے عزم کو کمزور کرنے کے بجائے آزادی، وقار اور سیاسی انصاف کے حصول کے لیے ان کے عزم کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوجی طاقت کے استعمال، اجتماعی سزا اور معاشی دباو سے مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس تنازعے کا پرامن حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تلاش کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور بھارت پر دباو ڈالیں کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، شہریوں کی املاک کو نشانہ بنانے سے باز رہے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button