بھارت :دہلی میں ریس کورس مسجد کے بعد قدیمی مسجد کو مسمار کرنے کی تیاری
نئی دہلی: ہندوتوا کی پیروکار مودی حکومت نے ریس کورس مسجد کو نشانہ بنانے کے چند روز بعد دہلی ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ وسطی دہلی کے کرشی بھون کمپلیکس میں واقع ایک اور مسجد، قدیمی مسجد کو سینٹرل وسٹا منصوبے کے لیے ہٹانا ضروری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکومت نے لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس(ایل اینڈ ڈی او)کے ذریعے ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ مسجد سرکاری اراضی پر واقع ہے۔ یہ زمین کامن سینٹرل سیکریٹریٹ کی عمارتوں 4اور 5کی تعمیر کے لیے درکار ہے۔ حکومت کے مطابق تعمیراتی کام مکمل کرنے کے لیے مسجد کو ہٹانا ضروری ہے۔
عدالت میں اپنے جواب میں بھارتی حکومت نے کہا کہ دفتری کمپلیکس کے اندر اس عمارت کو برقرار رکھنا ناقابلِ قبول اور سرکاری املاک کے سیکولر کردار سے متصادم ہے۔یہ رپورٹ قدیمی مسجد کا انتظام چلانے والی کمیٹی کی درخواست کے جواب میں جمع کرائی گئی۔ ایل اینڈ ڈی او نے کہا کہ مسجد ڈاکٹر راجندر پرساد روڈ پر پلاٹ نمبر 120میں واقع ہے۔ اس اراضی کا انتظامی کنٹرول حکومتِ بھارت کے پاس ہے۔
بھارتی حکومت نے مسجد کی انتظامی کمیٹی کے ملکیتی حق کے دعوے کو مسترد کر دیا۔ اس کا کہنا ہے کہ کمیٹی کو 1940 کے ایک معاہدے کے تحت اس مقام پر مسجد قائم رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم اس انتظام کے تحت ملکیت کے حقوق حاصل نہیں ہوئے تھے۔
یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارتی حکومت سینٹرل وسٹا کی ازسرِنو ترقی کے منصوبے کے تحت موجودہ شاستری بھون اور کرشی بھون کی جگہ نئی کامن سینٹرل سیکریٹریٹ عمارتیں تعمیر کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ بھارتی حکومت نے اس منصوبے کو قومی اہمیت کا ایک عظیم عوامی منصوبہ قرار دیا ہے۔
یہ تازہ ترین واقعہ ہے جس میں بھارتی حکومت کے تعمیر نو کے منصوبے کے لئے اراضی کے استعمال کے نام پر ایک مسجد کو نشانہ بنایاجارہا ہے۔رواں سال کے اوائل میں اس معاملے پر وزارتِ ہاوسنگ و شہری امور سے جواب طلب کیا گیا تھا تاہم وزارت نے کوئی جواب جمع نہیں کرایا۔






