اسلام آباد : چیف ایگزیکٹو ”ریڈ فا ﺅنڈیشن “ کا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا دورہ
اسلام آباد: ریڈ فانڈیشن اسکولز اینڈ کالجز کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبدالروف نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر رہنماﺅں کیساتھ ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر، تعلیمی اداروں میں مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی اور نئی نسل کو تحریک آزادی کشمیر کے تاریخی پس منظر سے روشناس کرانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر عبدالروف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ فانڈیشن کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں اور ادارے کی شاخیں پاکستان کے مختلف علاقوں، بالخصوص آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نئی نسل میں شعور و آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ریڈ فانڈیشن اپنے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت، کشمیری عوام کی جدوجہد اور ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کی فکری و شعوری تربیت اور قومی و بین الاقوامی مسائل سے آگاہی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
غلام محمد صفی نے ڈاکٹر عبدالروف کی آمد اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی، سیاسی اور بنیادی حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ نئی نسل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقی صورتِ حال، کشمیری عوام کی قربانیوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے آگاہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ معاشرے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
اس موقع پر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما نذیر احمد کرنائی کی خوش دامن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔









