APHC-AJK

اقراء یونیورسٹی کراچی میں” مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجی جماؤ اور ماحولیاتی مسائل”کے عنوان سے سیمینارکا انعقاد

کراچی:اقرا ء یونیورسٹی کراچی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے اشتراک سے ” مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجی جمائو اور ماحولیاتی مسائل”کے زیر عنوان ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار میں طلبائ، فیکلٹی ممبران اور تدریسی عملے نے بڑی تعداد میںشرکت کی۔ مقررین نے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور ماحول پر اس کے تباہ کن اثرات کی مذمت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے قائداعظم کے اس بیان کو دہرایا کہ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے”۔ انہوں نے کشمیر کاز کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔حریت رہنما الطاف حسین وانی نے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا اور ان کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے 10لاکھ قابض فوجیوں کی موجودگی کومتنازعہ خطے میں ماحولیاتی انحطاط اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی وجہ قراردیا۔حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز شاہ نے کہا کہ کشمیر کے لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور ان کا مقبول نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ کشمیر کاز کو فروغ دینے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بننے کے لیے تمام ذرائع استعمال کریں۔ڈاکٹر ہما ریاض ڈار نے بھارتی فوج کے مظالم کی وجہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر سے آزاد جموں و کشمیر ہجرت کی اپنی داستان سنائی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری طلباء کے ساتھ پاکستان کی فیاضی کی وجہ سے وہ ڈاکٹر ہیں۔وائس چانسلر اقراء یونیورسٹی ڈاکٹر نسیم اکرام نے حریت وفد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طلباء کو بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو فروغ دینے میں طلباء کا اہم کردار ہے۔
بعدمیں حریت وفد نے متحدہ قومی مومنٹ کے دفتر جاکر پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما نسرین جلیل، ارشاد ظفیر،سید شکیل اورنجم مرزا موجود تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button