مقبوضہ جموں وکشمیر: بھارتی پولیس کا کشمیری نظر بندوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک انتہا پر
ہزاروں نظر بند کشمیری جہنم جیسی زندگی گزارنے پر مجبور
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس افسروں اور اہلکاروںکی طرف سے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ ظالمانہ برتاﺅ اور قیدیوں کے حقو ق کی سنگین پامالی معمول بن چکاہے جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے نمائندے نے سرینگر سے اپنی ایک رپورٹ میں بھارتی پولیس کے وحشیانہ طرز عمل کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ برکت علی ڈار نامی افسر نے نظر بندوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک کی تمام حدیںپار کرلی ہیں ۔
انہوںنے کہا کہ ایس پی برکت ڈار مئی 2018ءسے رواں برس 26 اکتوبر تک بارہمولہ جیل میں تعینات رہا، اس دوران اس نے نہ صرف قیدیوں بلکہ انکے والدین سمت دیگر قریبی اہلِ خانہ کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا۔ انہوںنے کہا کہ ایس پی کا تبادلہ اب کپواڑہ جیل میں ہو چکاہے اور وہاں سے بھی اسکے ظلم و ستم کی انتہائی دلخراش خبریں سامنے آرہی ہیں۔ قیدیوںپرنت نئی پابندیاں عائد کرنا اور ان پر مظالم روا رکھناایس پی کا وطیرہ بن چکا ہے ، ایس پی کے ظالمانہ برتاﺅ نے قیدیوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔
بھارت نے پہلے ہی حریت رہنماﺅں ، کارکنوں سمیت غیر قانونی طورپر نظر بند تین ہزار سے زائد کشمیریوںکو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم کر رکھا ہے۔ ناقص غذا اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب اکثر نظر بند پیچیدہ امراض کا شکار ہو چکے ہیں ۔ بروقت علاج معاملہ نہ ملنے کے سبب اب تک کئی حراستی اموت بھی ہو چکی ہیں۔زیر حراست افراد پر وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں بھی بیسیوں کشمیری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
کشمیری نظر بندوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مسلسل شدید تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ وغیرہ نے اپنی متعدد رپورٹس میں نظربندیوںکی حالت زار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ” کشمیریوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی جیسے کالے قوانین کے تحت طویل عرصے تک بغیر کسی مقدمے کے نظر بند رکھا جاتا ہے۔نظر بند افراد کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس میں شدید مار پیٹ، نیند سے محروم رکھنااور خاندان کے ارکان سے ملاقات نہ کرنے دینا شامل ہیں“۔
کشمیری نظر بندوں پر اس ظالمانہ سلوک کا مقصد ان کی آزادی کی پرامن آواز کو دبانا ہے لیکن یہ وحشیانہ ہتھکنڈے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے دعویدار بھارت کے ماتھے پر ایک بدنام دھبہ ہیں۔






