مقبوضہ کشمیر : ہائیکورٹ نے ’سراج العلوم‘ کو دوبارہ کھولنے کے احکامات پر حکم امتناعی جار ی کردیا
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے ان احکامات پر حکم امتناعی جار ی کر دیاہے جن کے تحت ضلع شوپیاں میں قائم تعلیمی ادارے ’سراج العلوم‘ کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا گیا تھا۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے اس ادارے پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، جسٹس سنجیو کمار اور جسٹس محمد یوسف وانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے اس حوالے سے ٹرائل کورٹ کا رواں برس 24 ستمبر حکم معطل کر دیا۔
بھارتی انتظامیہ نے ’سراج العلوم‘ کو رواںبرس کے اوائل میں کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت غیر قانونی قرار دیا تھا۔
قانونی ماہرین نے ہائیکورٹ کے حکم کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے ایک متوازن حکم دیا تھا جس میں طلباء کے حقِ تعلیم کا تحفظ بھی کیا گیا تھا اور ادارے کو نگرانی میں بھی رکھا گیا تھا، لیکن اس حکم امتناعی نے ایک بار پھر سینکڑوں طلباءکو غیر یقینی صورتحال میں ڈال دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ محض غیر ثابت شدہ الزامات کی بنیاد پر تعلیمی اداروں کو بند نہیں کیا جا سکتا اور مختلف حیلوں بہانوں سے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنا ایک طرح کی اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔








