مضامین

یومِ شہدائے جموں: لہو سے لکھی تاریخ، زندہ ضمیرِ کشمیر اور آزادی کی ناقابلِ شکست آرزو

ارشد میر

آج کشمیری یومِ شہدائے جموں منا رہے ہیں۔ یہ ایک تاریخی سانحے کی یاد تازہ کرنے کا دن ہی نہیں بلکہ ایک ایسی اجتماعی قومی یادداشت کی تجدید کا دن ہے جسے وقت کی گرد، سیاسی مصلحتیں اور تاریخ کے بعض خاموش ابواب مٹانے میں ناکام رہے ہیں۔ آج جموں کے ان بے گناہ مسلمانوں کو یاد کیا جا رہا ہے جو 1947ء میں تقسیمِ برصغیر کے ہنگامہ خیز دنوں میں شخصی حکمران ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج، پٹیالہ کے سھکوں، بھارتی فوج، آر ایس ایس سے وابستہ ہندو بلوائیوں کے ہاتھوں بدترین فرقہ وارانہ تشدد، منظم قتل و غارت اور جبری بے دخلی کا نشانہ بنے۔ ان کے لہو سے لکھی گئی تاریخ آج بھی اہلِ کشمیر کے اجتماعی شعور میں ایک زندہ سوال بن کر موجود ہے کہ کیا کسی قوم کے انسانی حقوق، شناخت، آزادی اور مستقبل کو طاقت کے بل پر ہمیشہ کے لیے دبایا جا سکتا ہے؟

نومبر 1947ء کا جموں برصغیر کی تقسیم کے ان تاریک ترین ابواب میں شامل ہے جب انسانیت فرقہ وارانہ نفرت، پاکستان سے عداوت، اقتدارکی بھوک اور ریاستی تشدد کے ہاتھوں لہولہان ہوئی۔ اپنے آباء کی طرح مہاراجہ ہری سنگھ نےبھی مسلمانوں پر ظلم و استحصال کا سلسلہ جاری رکھا ۔ ستمبر 1947 کے آخری ایام سے نومبر کے اوائل تک جموں، کٹھوعہ، اودھم پور اور ملحقہ علاقوں میں مسلمانوں کے قتل عام، دیہات کی تباہی، خواتین کے اغوا اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے واقعات رونما ہوئے۔ اسکی انتہاء 6 نومبر کو ہوئی جب جموں کے مسلمانوں کے بڑے قافلوں کو پاکستان کی جانب نقل مکانی کے دوران بھی بدترین خونریزی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ سانحہ کسی ایک خاندان، گاؤں یا علاقے کا المیہ نہیں بلکہ ایک پوری آبادی کی زندگیوں، گھروں، معاشرتی رشتوں اور تاریخی وجود پر پڑنے والی قیامت تھی۔ ماؤں کی گودیں اجڑ گئیں، بچے یتیم ہوئے، بستیاں ویران ہوئیں اور ہزاروں خاندان اپنے آبائی گھروں سے بے دخل ہوکر ہجرت پر مجبور ہوئے۔ اس انسانی المیے کی اصل گہرائی صرف ہلاکتوں کی تعداد میں نہیں بلکہ ان لاکھوں زندگیوں میں پوشیدہ ہے جن کے مستقبل، شناخت اور خاندانی تسلسل کو اس تشدد نے ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔

جموں کے قتل عام کی اہمیت اس اعتبار سے بھی غیر معمولی ہے کہ اس کے شواہد صرف کشمیریوں یا پاکستانیوں کی تحقیق یا بیانات تک محدود نہیں ہیں بلکہ برطانوی اخبارات، غیر ملکی صحافیوں اور انسانی امدادی اداروں کی رپورٹس میں بھی اس مہیب المیے کا ذکر ملتا ہے۔

برطانیہ کے معروف اخبار The Times, London نے 10 اگست 1948ء کو ’’Elimination of Muslims from Jammu‘‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی جس میں کہاگیا کہ جموں، اودھم پور، کٹھوعہ اور ریاسی کے مشرقی علاقوں میں تقریباً 237,000 مسلمانوں کو منظم انداز میں قتل کیا گیا ۔ رپورٹ نے اس خونریزی کی ذمہ داری ڈوگرہ ریاستی افواج اور مہاراجہ کی سربراہی میں کام کرنے والی قوتوں پر عائد کی۔ یہ رپورٹ، اس میں ظاہر کردہ اعدادو شمار اور برطانوی پریس میں اس کی اشاعت اس سانحے کی بین الاقوامی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
اسی طرح برطانوی جریدے The Spectator میں 16 جنوری 1948ء کو معروف برطانوی مصنف اور امن کے کارکن ہوریس الیگزینڈر (Horace Alexander) نے اپنے مضمون میں جموں کے واقعات پر روشنی ڈالی اور ہلاکتوں کی تعداد تقریباً دو لاکھ بتائی۔

اس سے بھی اہم شہادت برطانوی اخبار Civil and Military Gazette میں سامنے آتی ہے۔ 28 اکتوبر 1947ء کو اس اخبار میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف انڈیا کے ایک انٹرویو کے حوالے سے کشمیر ٹائمز کے سابق مدیر جی کے ریڈی (G.K. Reddy) کی چشم دید گواہی شائع ہوئی۔ ریڈی نے نہتے مسلمانوں پر دوگرہ و بھارتی فوج، ہندو بلوائیوں اور ہری سنگھ و بھارت کے پروردہ دیگر جتھوں کے حملوں اورقافلوں کی تباہی کے واقعات بیان کیے۔ انہوں نے جموں میں ایک ہی رات متعدد دیہات کو جلتے دیکھنے کا بھی ذکر کیا۔ ان کی گواہی اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ یہ واقعات محض افواہوں یا بعد کے سیاسی بیانیوں کا حصہ نہیں بلکہ اس زمانے میں صحافتی سطح پر بھی رپورٹ ہو رہے تھے۔

دسمبر 1947ء میں ہوریس الیگزینڈر اور رچرڈ سائمنڈز (Richard Symonds) کی تیار کردہ ایک تحقیقاتی رپورٹ بھی سامنے آئی تھی ۔ دونوں کا تعلق سوسائٹی آف فرینڈز ایمبولینس یونٹ سے تھا۔ اس رپورٹ میں اکتوبر سے 9 نومبر 1947ء کے دوران پیش آنے والے دس واقعات کا ذکر کیا گیا۔ اس میں صاف طور پر بتایا گیا کہ انسانیت کے خلاف اس بھایک جرم کا ارتکاب ڈوگرہ فورسز اور ہندو بلوائیوں نے کیا ۔ یہ شہادتیں واضح کرتی ہیں کہ جموں کا یہ المیہ کس قدر منظم اور بھیانک تھا اور آج بھی بین الاقوامی انسانی ضمیر کے سامنے بھی ایک سنگین سوال کی صورت میں موجود ہے۔

یہاں بھارت کے بانی رہنماء کرم چند گاندھی کا 25 دسمبر 1947ء کا بیان بھی قابل ذکر ہےجس میں انہوں نے جموں میں مسلمانوں کے قتل اور مسلم خواتین کی بے حرمتی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے مہاراجہ کو ذمہ دار قرار دیا۔ یوں مختلف سیاسی اور صحافتی حلقوں سے آنے والی شہادتیں اس انسانی المیے کی سنگینی کو مزید نمایاں کرتی ہیں۔
جموں کے قتل عام کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اس کے بعد رونما ہونے والے سیاسی اور عسکری واقعات نے اس انسانی المیے کو بین الاقوامی توجہ کے مرکز سے بتدریج دور کر دیا۔ کشمیر پر جنگ، مہاراجہ کا بھارت سے جعلی ،مشروط اور Illegitimate الحاق اور اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی بحث عالمی سیاست کا موضوع بن گئی مگر جموں کے متاثرین کے لیے انصاف، ان کے خاندانوں کی بحالی اور واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا سوال پس منظر میں چلا گیا۔ محقق سجاد حسن نے اپنے تحقیقی جائزے میں اس تاریخی خاموشی اور جواب دہی کے فقدان کو خاص طور پر اجاگر کیا ہے۔

کشمیری آج یومِ شہدائے جموں اس لیے منا رہے ہیں کہ ان کے نزدیک یہ سانحہ ماضی کا کوئی بند باب نہیں بلکہ ان کی اجتماعی تاریخ، شناخت اور سیاسی شعور کا ایک بنیادی حوالہ ہے۔ اس دن کی یاد انہیں یہ احساس دلاتی ہے کہ جب کسی قوم کو سیاسی، مذہبی اور انسانی حقوق سے محروم کیا جاتا ہے تو اس کے زخم نسل در نسل منتقل ہوتے ہیں۔ جموں کے شہداء کی یاد دراصل ان تمام خاندانوں کی یاد ہے جن کے پیارے ان سے چھینے گئے، جن کے گھر اجڑگئے اور جن کی نسلیں اپنے آبائی وطن سے دور زندگی گزارنے پر مجبور ہوئیں۔

یہاں ایک بنیادی حقیقت کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا کہ کشمیریوں کی سیاسی تاریخ محض حکمرانوں، معاہدوں، انتخابی عمل اور اقتدار کی تبدیلیوں کی تاریخ نہیں ہے۔ انھیں شخصی ڈوگرہ حکمرانوں کے بعد گذشتہ 8 دہائیوں سے جمہوریت کی کھال پہنے ایسےظالم اور قابض قوت کا سامنا ہے جس نے محض حق خود اردایت کا وعدہ پورا کرنے کے مطالبے کی پاداش میں ان پر دس لاکھ فوج مسلط کررکھی ہےاور گذشتہ 36 برسوں کے دوران ہی اس فوج نے قریبا ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا جن میں جموں کی طرح کے درجنوں قتل عام کے سانحات بھی شامل ہیں۔

کشمیریوں کے لئے بھارت ڈوگروں سے کہیں زیادہ ظالم ثابت ہوا کہ اس نے جمہوریت کے لبادے میں اُن ادارہ جاتی اور منظم مظالم اور انسانیت کُشی کا بھی ارتکاب کیا جن کا ڈوگرے سوچ بھی نہ سکتے تھے۔ سو کشمیریوں کا مظالم سہنے کا صدیوں کا یہ سفر بدستور جاری ہے مگر وہ تھکے ہیں نہ مایوس۔ ان کا یقین اور نظریہ کی پختگی ان کی سب سے بڑی قوت اور قومی میراث بن چکی ہے۔ ا نکی تاریخ بڑی خونچکاں ہے مگر یہ عام انسانوں کی قربانیوں، اجتماعی مزاحمت اور اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے حق کے حصول کی جہدِ مسلسل کی تاریخ ہے۔ جموں کے شہداء کی یاد اس اجتماعی شعور کو تازہ کرتی ہے کہ کسی قوم کی سیاسی خواہشات کو طاقت، جبر یا انتظامی اقدامات کے ذریعے ہمیشہ کے لیے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

آج جب کشمیری اپنے شہداء کو یاد کر رہے ہیں تو ان کے سامنے صرف 1947ء کے مقتولین کی قبریں نہیں بلکہ ان کی تاریخ کے وہ تمام زخم بھی موجود ہیں جو دہائیوں کے سیاسی تنازعات، تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عدم تحفظ کے نتیجے میں گہرے ہوئے ہیں۔ ان کے لیے شہداء کا خون کسی سیاسی جماعت یا حکمران خاندان کی میراث نہیں بلکہ اجتماعی تاریخ کا حصہ ہے۔ اس یادداشت کو کسی مخصوص سیاسی مفاد کے تابع نہیں کیا جا سکتا۔
یومِ شہدائے جموں کا پیغام یہی ہے کہ تاریخ کے مظلوموں کو فراموش کرنا خود تاریخ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ جن انسانوں کی جانیں جاتی ہیں، ان کے نام، ان کے خاندانوں کے دکھ اور ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو محفوظ رکھنا آنے والی نسلوں کی ذمہ داری ہے۔ اس دن کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب تاریخی حقائق کو تحقیق، دستاویزات اور مستند شہادتوں کی بنیاد پر محفوظ کیا جائے۔

کشمیری آج اپنے شہداء کو یاد کرتے ہوئے دنیا کے ضمیر سے بھی سوال کرتے ہیں کہ انسانی حقوق اور حقِ خودارادیت کے اصولوں کی پاسداری صرف طاقتور اقوام کے لیے کیوں مخصوص ہے؟ ہمالہ کی گود میں بسی اس مظلوم قوم کے انسانی وقار، سیاسی شناخت اور مستقبل کے سوالات کو عالمی سیاست کی مصلحتوں پر کیوں قربان کیا جاتا ہے؟ کیا تاریخی جرائم کو صرف اس لیے فراموش کر دیا جائے کہ ان کے متاثرین سیاسی طور پر کمزور ہیں؟
جموں کے شہداء کا خون آج بھی انصاف، تاریخی سچائی اور انسانی وقار کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ یہ دن نفرت اور انتقام کو زندہ رکھنے کے لیے نہیں بلکہ اس عزم کی تجدید کے لیے ہے کہ انسانی جان، آزادی، شناخت اور بنیادی حقوق ناقابلِ سمجھوتہ اقدار ہیں۔

آج کشمیریوں کے لیے چھ نومبر محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک ایسی تاریخی یاد ہے جو انہیں اپنے ماضی سے جوڑتی، اپنے حال کا شعور دیتی اور اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔ جموں کے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے کا تقاضا ہے کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات ہوں، متاثرہ خاندانوں کی تاریخ محفوظ کی جائے اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

شہداء مرتے نہیں، وہ قوموں کی اجتماعی یادداشت میں زندہ رہتے ہیں۔ جموں کے شہداء بھی آج کشمیریوں کے حافظے میں زندہ ہیں۔ ان کی یاد ہر اس آواز میں موجود ہے جو انسانی وقار، انصاف، سیاسی آزادی اور حقِ خودارادیت کی بات کرتی ہے۔ وقت گزر سکتا ہے، نسلیں بدل سکتی ہیں اور سیاسی حالات نئے رخ اختیار کر سکتے ہیں مگر تاریخ کے مظلوموں کے ساتھ انصاف کا سوال کبھی پرانا نہیں ہوتا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button