مقبوضہ جموں و کشمیر

وادی کشمیر :کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے متعدد مقامات پر چھاپے

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر نے بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے ہمراہ وادی کشمیر میں چھ مقامات پر چھاپے مارے اور تلاشی کی کارروائیاں کی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، سی آئی کے کی ٹیموں نے بھارتی فورسز اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر، بڈگام، اسلام آباد اور پلوامہ اضلاع میں رہائشی مکانات پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔اطلاعات کے مطابق، یہ کارروائیاں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں سرگرمیوں سے متعلق درج مختلف ایف آئی آرز کے سلسلے میں کی گئیں۔ ان سرگرمیوں میں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا جائز حق دینے کے مطالبے کی حمایت میں آواز اٹھانا بھی شامل تھا۔
بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تحقیقات کا آغاز ایسی اطلاعات کے بعد کیا گیا، جن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر، پاکستان میں مقیم کشمیری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کر رہے تھے۔ وہ مقبوضہ علاقے کے نوجوانوں سے رابطے بھی برقرار رکھے ہوئے تھے تاکہ بھارتی تسلط سے آزادی کے مطالبے کی حمایت منظم کی جا سکے۔
مبصرین اور سیاسی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ چھاپے اور تحقیقات سیاسی اظہار کی نگرانی اور اسے محدود کرنے کی بھارتی حکام کی بڑھتی ہوئی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کی حمایت کرنے والی آوازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں اور تحریک آزادی کشمیر کی پرامن حمایت کو بھارت مخالف یا غیر قانونی قرار دینے کا مقصد خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنا، اختلافی آوازوں کو خاموش کرانا اور کشمیریوں کو عالمی برادری سے الگ تھلگ کرنا ہے۔
تجزیہ کاروں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا سرگرمیوں پر شہریوں کے خلاف کائونٹر انٹیلی جنس اداروں کے استعمال، پولیس چھاپوں اور فوجداری مقدمات کا مقصد آزادی اظہار اور سیاسی رائے کو دبانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چھاپوں، گرفتاریوں، دھمکیوں یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پابندیوں کے ذریعے کشمیریوں کو ان کی جائز سیاسی امنگوں سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button