بھارتی پولیس نے بانڈی پور میں مزید دو افراد گرفتار کر لیے
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ میں مزید دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون (یو اے پی اے) کے تحت درج ایک مقدمے میں اب تک گرفتار افراد کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت چکلو بارہمولہ کے ارشاد احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ اور وٹلب سوپور کے شوکت احمد ریشی ولد غلام محمد ریشی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کیس کے سلسلے میں پہلے ہی دو خواتین سمیت چھ افرادکوگرفتارکیاگیاہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار افرادکا تعلق ایک کالعدم آزادی پسند تنظیم سے ہے اور ان کی گرفتاریاں اس تنظیم کے ایک ایسے مبینہ نیٹ ورک کو پکڑنے کے بعد عمل میں آئیہیں جسے جیل سے چلایا جارہا تھا۔
تازہ گرفتاریاں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مختلف بہانوں سے بے گناہ شہریوں کو گرفتار اورہراساں کرنے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیری پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) جیسے کالے قوانین کے تحت جیلوں اور حراستی مراکز میں قید ہیں جبکہ ان میں سے اکثر کو منصفانہ عدالتی کارروائی کے بغیر ایک طویل عرصے سے نظربندرکھاگیاہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ من مانے انداز میں گرفتاریوں اور طویل نظربندیوں کا مقصد مقبوضہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کرنا اور کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد سے روکناہے۔








