بھارت

بھارت :تلنگانہ میں پسماندہ مسلمان برادریوں کی بھوک ہڑتال ،دیرینہ مطالبات کی منظوری پر زور

حیدرآباد : بھارتی ریاست تلنگانہ میں پسماندہ خانہ بدوش مسلمان برادریوں نے کریم نگر میں بھوک ہڑتال کرتے ہوئے مالی امداد، تعلیمی مواقع اور اپنے روایتی ذرائع معاش کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور معاشی محرومی کے باعث ان کے روایتی ذرائع معاش بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھوک ہڑتال تلنگانہ اسٹیٹ نومیڈک مسلم ٹرائبس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ایک سرکاری دفتر کے باہر کی گئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ریاست کی انتہائی پسماندہ مسلم برادریوں کو قرضے، سبسڈی اور ترقیاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک مخصوص سرکاری مالیاتی کارپوریشن قائم کی جائے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کے کوآرڈینیٹر وسیم احمد نے کہا کہ تلنگانہ کی حالیہ ذات پات پر مبنی مردم شماری میں خانہ بدوش مسلمانوں کو ریاست کے پسماندہ طبقات کی درجہ بندی میں سماجی اور معاشی لحاظ سے سب سے زیادہ محروم گروہوں میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارت میں موجود نظام کے تحت تاریخی طور پر پسماندہ برادریوں کو تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں مخصوص نشستیں اور فلاحی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ تاہم مظاہرین کا کہنا تھا کہ خانہ بدوش مسلمانوں کو اب بھی ناکافی نمائندگی اور سرکاری امداد تک محدود رسائی کاسامنا ہے۔وسیم احمد نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے دیگر پسماندہ برادریوں کے لیے مخصوص مالیاتی ادارے قائم کیے ہیں، لیکن خانہ بدوش مسلمانوں کے لیے ایسا کوئی ادارہ قائم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے مناسب فنڈز کے ساتھ فوری طور پر مالیاتی کارپوریشن قائم کرنے اور جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین کے تحت عائد پابندیوں کے باعث اپنے روایتی پیشے کھونے والے خاندانوں کی مدد کے لیے پہلے سے اعلان کردہ سالانہ 10 ارب روپے کی مالی معاونت پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے اپنے بچوں کی تعلیم تک رسائی اور دیگر تعلیمی مواقع بہتر بنانے کے لیے تعلیمی فلاحی اقدام ”مولانا ابوالکلام آزاد تعلیمی اسکیم“ کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے گاردی مسلمانوں اور روایتی طور پر سانپوں کا تماشا دکھانے سے وابستہ برادریوں کے خلاف جنگلاتی قوانین کے تحت درج فوجداری مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے روایتی ذرائع معاش سے محروم خاندانوں کو 10 لاکھ بھارتی روپے تک کے مکمل سبسڈی والے قرضے فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
دیگر مطالبات میں ایک کمیونٹی ڈویلپمنٹ سینٹر کی تعمیر، غیر قانونی طور پر قبضے میں لی گئی اوقاف کی جائیدادوں کی واگزاری اور ان کے وسائل کو غریب مسلم خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنا شامل تھا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ خانہ بدوش مسلم برادریوں کو بھارت کے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) میں شامل کیا جائے تاکہ وہ مخصوص نشستوں اور فلاحی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تنظیم کے صدر شیر علی اور قائم مقام صدر ایم ڈی شبیر سمیت برادری کے رہنماوں نے خبردار کیا کہ اگر تلنگانہ حکومت نے ان کے دیرینہ مطالبات پورے نہ کیے تو احتجاجی تحریک میں مزید شدت لائی جائے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button