بھارتی پائلٹوں کا جون 2025 کے طیارہ حادثے کی مزیدتحقیقات کا مطالبہ
نئی دہلی:بھارتی پائلٹوں کی تنظیم فیڈریشن آف انڈین پائلٹس نے گزشتہ سال کے طیارہ حادثے کی مزید تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹ کی غلطی نہیں بلکہ بجلی کی خرابی حادثے کا سبب ہوسکتی ہے ، حادثے میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فیڈریشن آف انڈین پائلٹس (ایف آئی پی) نے جس کے 5,000 سے زائد ممبران ہیں، یکم مئی کوبھارتی وزارت ہوا بازی کو ایک خط ارسال کیا جس میں کہا گیاہے کہ اڑان سے پہلے بجلی کی خرابی سےغیر ارادی ریلے آپریشن اور پائلٹ کی ان پٹ کے بغیر ڈوئل انجن فیول کی سپلائی منقطع ہو سکتی ہے۔ خط 12 جون 2025 کوہونے والے طیارہ حادثے کی حتمی رپورٹ سامنے آنے سے پہلے ارسال کیا گیاہے جو احمد آباد سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد گرکرتباہ ہو گیاتھا۔ بھارت کے ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) نے 12 جولائی 2025 کو اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہاتھا کہ جیٹ کے انجنوں کو ایندھن کی سپلائی چند لمحے پہلے منقطع ہو گئی تھی جس سے میڈیا میںقیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ یہ پائلٹ کی غلطی تھی۔ایف آئی پی کے خط میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ میں اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا کہ پائلٹ کی غلطی سے ایندھن کے سوئچ بند ہوئے تھے جبکہ میڈیا رپورٹس پائلٹ کو ذمہ دارٹھہراتی ہیں۔ خط میں کہاگیا کہ بین الاقوامی ہوا بازی کے قوانین کا تقاضا ہے کہ پہلے تمام قابل اعتماد تکنیکی وجوہات کو مسترد کر دیا جائے۔ پائلٹس کی تنظیم نے کہاکہ تحقیقات کو ایک آزمائشی مفروضہ کے طور پر سمجھا جائے اور تفصیلی برقی تجزیے کے ذریعے جانچ پڑتال کی جائے۔ تنظیم نے کہاکہ جب تک یہ تجزیہ نہیں ہو جاتا، تکنیکی وجوہات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔حتمی رپورٹ اگلے ماہ تک آنے کی توقع ہے۔







