حریت کانفرنس کاجیلوں میں نظربند کشمیری رہنماﺅں کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہارتشویش
بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانہیں سکتا
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اورمقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماوں اور کارکنوں کی بگڑتی ہوئی صحت اور سلامتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جیلوں میں کشمیری نظربندوں کو قانونی معاونت اور طبی سہولیات سمیت بنیادی ضروریات سے محروم رکھنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ متعدد نظربند کینسر، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر سمیت مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں اور حکام کی مجرمانہ بے حسی کے باعث وہ ہڈیوں کے ڈھانچے بن کر رہ گئے ہیں۔ ان میں بھارت کی تہاڑ، اتر پردیش، جودھپور، ہریانہ اور پنجاب کی جیلوں کے علاوہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میںنظربند افراد شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیری قیادت اور عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا، کیونکہ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔انہوںنے بھارتی پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبر و استبداد کے اقدامات نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایڈووکیٹ منہاس نے بھارتی حکومت پر واضح کیا کہ فوجی جبر عوامی امنگوں سے جنم لینے والی تحریک کو شکست نہیں دے سکتا۔
انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے اور اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی نوکریاں اور زمینیں چھین کر بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو الاٹ کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی دہلی مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر بھارتی ہندووں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر رہی ہے۔
حریت ترجمان نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اورانسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ ترجمان نے کہا کہ نظربند رہنماﺅں اور کارکنوں کو تاریک کوٹھڑیوں میں رکھا جا رہا ہے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، نعیم احمد خان، شاہد الاسلام، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، ڈاکٹر حمید فیاض، ڈاکٹر شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، مشتاق الاسلام، ایڈووکیٹ زاہد علی، ظفر اکبر بٹ، غلام محمد خان سوپوری، فاروق احمد توحیدی، فیاض حسین جعفری، نور محمد فیاض، حیات احمد بٹ، رفیق احمد گنائی، محمد یاسین بٹ، انسانی حقوق کے علمبردار محمد احسن اونتو اور متعدد صحافیوں سمیت سیاسی نظربندوں کے عزم، استقامت اور غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں ان نظربند وں کوبدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہاہے۔
ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں کا دورہ کریں تاکہ نظربندحریت رہنماوں اور کارکنوں کی بگڑتی ہوئی صحت کی صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے۔
بیان میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔








