کشمیر میں بھارتی جرنیلوں کے پے در پے دورے: معمول کی عسکری سرگرمی یا کسی نئے منظرنامے کی تیاری؟
تحریر: ارشد میر
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج اور اسکے اعلیٰ ترین کمانڈروں کی غیر معمولی نقل و حرکت ایک ایسا معاملہ ہے جسے کسی صورت معمول کی کارروائی قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے وادی کا دورہ کیا جبکہ اس سے ایک روز قبل شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما شمالی کشمیر میں فوجی دستوں کے آپریشنل انتظامات کا جائزہ لے چکے تھے۔ چوبیس گھنٹوں کے اندر دو اعلیٰ ترین فوجی کمانڈروں کے دورے، ایل او سی اور اندرونی علاقوں میں فوجی تیاریوں کا جائزہ، مشترکہ آپریشنز اور نگرانی کے نظام پر خصوصی توجہ یقیناً غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ دفاعی تجزیہ کار اسے محض رسمی دوروں کے بجائے کسی ممکنہ پیش رفت کی تیاری سے جوڑتے ہیں۔
یہاں سب سے بنیادی سوال مودی حکومت سے بنتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی، بھارتی حکمران جماعت بی جے پی اور اس کا گودی میڈیا مسلسل یہ ڈھول پیٹتے نہیں تھکتے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر معمولی امن قائم ہو چکا ہے، عسکریت کی کمر توڑ دی گئی ہے، حریت کانفرنس کا بیانیہ ناکام ہو چکا ہے، کشمیری نوجوان بھارت کے ساتھ اپنا مستقبل وابستہ کر رہے ہیں اور اب نہ مظاہرے ہوتے ہیں نہ پتھراؤ۔ اگر یہ دعوے حقیقت پر مبنی ہیں تو پھر بھارتی فوج کے مسلسل آپریشنز کیوں جاری ہیں؟ اعلیٰ جرنیلوں کو بار بار کشمیر کے دورے کیوں کرنا پڑ رہے ہیں؟ فوج کی تعداد میں کمی کے بجائے نگرانی اور فوجی انتظامات کو مزید مستحکم کیوں کیا جا رہا ہے؟ اگر حالات معمول پر ہیں تو شمالی کشمیر سے لے کر وادی کے اندرونی علاقوں تک فوجی تیاریوں کا یہ تسلسل کس خطرے کی نشاندہی کرتا ہے؟
ان سوالات کا جواب پہلگام اور پلوامہ جیسے فالس فلیگ آپریشنز کے پس منظر میں تلاش کرنا بھی ضروری ہے۔ بھارت نے ان دونوں اور اس پہلے کے واقعات کو پاکستان کے خلاف ایک منظم بیانیہ تشکیل دینے کے لئے استعمال کیا۔ پاکستان نے ایسے ہر واقعے کی غیر جانب دارانہ، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارتی حکومت نے ہمیشہ اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔ واقعے کے چند ہی منٹوں میں پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانے، تحقیقات سے گریز اور پھر پاکستان پر فوجی حملوں نے اس پورے معاملے کو مزید مشکوک بنا دیا۔ 2019 اور 2025 کے بھارتی حملوں نے ایک عام سی فہم رکھنے والے انسان کو بھی بتلا دیا کہ دہشت گردی کہلائے جانے والے واقعات کی حقیقت، محرکات اور مقاصد کیا ہوتے ہیں۔
یہ محض سفارتی کشیدگی نہیں تھی بلکہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر باقاعدہ فوجی حملے تھےجن کے جواب میں پاکستان نے دونوں بار بھارت کے اس کے خلاف فوجی اور بیانیہ کی جنگ جیتنے کے مقصد کو خاک میں ملا کر اور اسے ذلتوں سے ہمکنار کرکے الٹا ان دونوں صورتوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں ۔ 80 سالہ تاریخ کے دیگر کئی واقعات اور جنگوں کے ساتھ ان دو واقعات نے بھی واضح کر دیا کہ کشمیر سے متعلق بھارتی پالیسی کا کوئی بھی یک طرفہ فوجی اقدام پورے جنوبی ایشیا کو جنگ کے دہانے پر پہنچا سکتا ہے۔
2019 کا پلوامہ واقعہ بھی اسی تناظر میں اہم ہے۔ 14 فروری کو بھارتی نیم فوجی قافلے پر حملے کے بعد بھارت نے حسب عادت اور حسب منصوبہ پاکستان پر الزامات عائد کیے اور26 فروری کو بالاکوٹ میں فضائی حملہ کیا۔ رات کے اندھیرے میں کئے گئے اس بزدلانہ حملے میں تو بھاگتے ہوئے بھارتی طیاروں نے ایک جنگل میں کئی درخت تباہ کردئےاور ایک کوے کو ماردیا مگر اسکے بدلے پاکستان کے نپے تلے اور ناک توڑ جواب میں جب بھارت کے دو طیارے مار گرائے گئے اور ایک پائلٹ پکڑا گیا تو اس کی ذلت لکھے جانے کے ساتھ ساتھ دنیا پر اسکے غلیظ عزائم آشکار ہوگئے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی پالیسی، فوجی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اٹھنے والے سوالات سے عالمی توجہ ہٹانا، کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینا اور پاکستان کو مستقل طور پر ایک مبینہ سکیورٹی خطرے کے طور پر پیش کرنا بھارت کی اس خطرناک اور شیطانی حکمت عملی کے اہم پہلو ہیں۔ کشمیر ی حریت پسند قیادت اور دفاعی ماہرین مسلسل خبردار کرتے چلے آرہے ہیں کہ بھارتی قیادت سابقہ ذلت آمیز تجربات سے سبق سیکھنے کے بجائے فالس فلیگ کارروائیوں کے ذریعہ بدستور پاکستان کے خلاف فوجی اور بیانیہ کی برتری حاصل کرنے کی روش پر قائم ہے۔
اس حکمت عملی کا ایک خاص داخلی سیاسی پہلو بھی ہے۔ پہلگام واقعے کے وقت بہار کے انتخابات قریب تھے اور مئی 2025 کی جنگ سے پہلے اور دوران بھارتی میڈیا نے جس انداز میں جنگی جنون اور پاکستان مخالف مہم چلائی، اس نے فوجی معاملات کو سیاسی بیانیے کا حصہ بنا دیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا مودی حکومت کو اپنی انتخابی سیاست کے لیے کسی نئے قومی سلامتی کے بحران کی ضرورت ہے؟ کیا بھارتی فوج ایک بار پھر بی جے پی کی سیاسی مہم کا ایندھن بنائی جا رہی ہے؟ کیا مئی کی جنگ میں پیش آنے والے واقعات اور بھارتی عسکری و سفارتی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے لیے کسی نئے واقعے کا ماحول بنایا جا رہا ہے؟
دوسری طرف کشمیر میں امن کے سرکاری دعووں کی قلعی سیاسی پابندیوں، گرفتاریوں، سوشل میڈیا پر قدغنوں اور اظہارِ رائے کی بندش سے بھی کھلتی ہے۔ اگر واقعی امن قائم ہوچکاتو پھر اتنے بڑے پیمانے پر فوجی سرگرمیاں کیوں، فوجی جرنیل کس نقص امن کے خدشے کے تحت ہر دوسرے روز ہنگامی دورے کرتے اور فوجی تیاریوں کو جائزہ لیتے ہیں؟ کشمیری بھارتی عملداری کو قبول کر چکے ہیں تو ان کی سیاسی آواز سے خوف کیوں؟ بھارت مخالف یا سرکاری بیانیے سے مختلف مؤقف رکھنے والی سوشل میڈیا پوسٹس پر مقدمات کیوں؟ صحافیوں، سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کو گرفتاریوں اور قانونی کارروائیوں کا سامنا کیوں کرنا پڑتا ہے؟ حتیٰ کہ بھارت نواز سیاسی حلقوں سے وابستہ شخصیات کے لیے بھی سیاسی گنجائش کیوں محدود ہوتی جا رہی ہے؟
یہی وہ تضاد ہے جسے بھارتی حکمران دنیا سے چھپانا چاہتے ہیں کہ اگر امن قائم ہے تو اتنی بڑی فوجی موجودگی کس لیے؟ اگر کشمیری مطمئن ہیں تو ان کی سیاسی آواز سے خوف کیوں؟ اگر حریت کا بیانیہ شکست کھا چکا ہے تو اس بیانیے کو دبانے کے لیے مسلسل پابندیاں کیوں؟ اور اگر بھارت کو کشمیر میں اپنی حکمرانی پر اتنا ہی اعتماد ہے تو اسے آزادانہ سیاسی سرگرمیوں اور اظہارِ رائے کی اجازت دینے میں کیا امر مانع ہے؟
مقبوضہ جموں و کشمیر کوئی معمولی جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایک متنازع اور حساس علاقہ ہےجو ماضی میں متعدد جنگوں کا سبب بن چکا ہے اور آج بھی جنوبی ایشیا میں فوجی کَشی، اسلحے کی دوڑ اور تزویراتی کشمکش کا محور ہے۔ ایسے خطے میں اعلیٰ بھارتی جرنیلوں کے یکے بعد دیگرے دورے، فوجی آپریشنز میں شدت اور جنگی تیاریوں کا جائزہ علاقائی امن کے لیے تشویش کا باعث ہونا چاہیے۔
کیا بھارت پہلگام جیسا کوئی نیا کھیل کھیلنے کی تیاری کر رہا ہے؟ کیا مودی حکومت ایک مرتبہ پھر کسی پراسرار واقعے کو پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی اور مقبوضہ کشمیر میں مزید جبر کا جواز بنانا چاہتی ہے؟ اور کیا بھارتی فوج کو ایک مرتبہ پھر بی جے پی کے انتخابی اور سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جائے گا؟
بھارتی عوام کو ان سوالات پر اپنی حکومت سے جواب طلب کرنا چاہیے اور بھارتی فوج کے اہلکاروں اور افسران کو بھی سوچنا چاہیے کہ قومی دفاع کے نام پر ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری کہیں کسی جماعت کی سیاسی بقا کا ذریعہ تو نہیں بن رہی۔ فوج کا وقار سیاسی جماعتوں کے انتخابی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔
حقیقت یہ ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجی موجودگی، سیاسی جبر اور اظہارِ رائے کی پابندیوں کے ہوتے ہوئے امن کے دعوے محض تشہیری نعروں سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے۔ مودی حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ فوجی طاقت کے ذریعے کسی قوم کی سیاسی خواہشات کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیر کا مسئلہ فوج کے وحشیانہ استعمال، فالس فلیگ آپریشنز اور پروپیگنڈے سے نہیں بلکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے سے حل ہوگا۔ اور جنوبی ایشیا کے امن کے لیے ضروری ہے کہ کسی نئے پہلگام یا پلوامہ جیسے سانحے کو جنم دینے کے بجائے ماضی کے واقعات کی شفاف تحقیقات اور تنازع کشمیر کے منصفانہ حل کی طرف پیش رفت کی جائے۔








