پاکستان

پاکستان کو غیر ملکی قرضوں پر انحصار سے نجات حاصل کرنا ہوگی: مسعود خان

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بار بارغیر ملکی قرضوں پر انحصار سے نجات حاصل کرنے کے لیے جامع معاشی اصلاحات کرنا ہوں گی، ملکی وسائل پیدا کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہوگا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سردار مسعود خان نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے اہم قرار دیا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ دوست ممالک کی مالی معاونت پر مسلسل انحصار پاکستان کو کمزور پوزیشن میں لا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قریبی دوست ممالک بھی بار بار مالی مدد فراہم کرتے کرتے بالآخر تھک سکتے ہیں، اس لیے پاکستان کو اپنی مضبوط معاشی بنیاد خود قائم کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، کیونکہ اس کی آبادی بڑی ہے، زمین زرخیز ہے، انسانی وسائل باصلاحیت ہیں اور جغرافیائی محل وقوع تزویراتی اہمیت کا حامل ہے۔ مکہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے مالی وسائل، ترکیہ کی دفاعی پیداوار اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا امتزاج علاقائی امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ پاکستان کے لیے معاشی مواقع بھی پیدا کر سکتا ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے سردار مسعود خان نے وضاحت کی کہ مفاہمت کی یادداشتیں (ایم او یوز) محض ارادوں کا اظہار ہوتی ہیں، جبکہ ان پر عمل درآمد کے لیے بعد ازاں قانونی، تکنیکی اور مالی معاہدوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے اہم معدنیات، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے (سی پیک 2.0)، زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور صنعت کے شعبوں میں موجود مواقع کا ذکر کیا۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو سرمایہ کاری کے وعدوں کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرنا ہوگا۔
غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے دانشورانہ ملکیت کے حقوق کے ناکافی تحفظ، کاروبار میں مشکلات، بیوروکریسی کی رکاوٹوں اور ٹیکس نظام کی کمزوریوں کو اہم مسائل قرار دیا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کی ضرورت پر خصوصی زور دیا، کیونکہ ان میں سے بہت سے افراد سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں لیکن انہیں انتظامی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آمدنی میں اضافے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور غیر رسمی معیشت کو باقاعدہ ٹیکس نظام میں شامل کرنا بھی ضروری ہے۔
پاکستان کی مسابقتی صلاحیت اور برآمدات کے امکانات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے پیداواری لاگت، ٹیکسوں اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خدشات کو تسلیم کیا۔ انہوں نے ناجائز منافع خوری اور سبسڈی سے پیدا ہونے والی معاشی بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے اصلاحات پر زور دیا، جبکہ نجی شعبے میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ورلڈ بینک کی 2019ءکی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ اس میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ پاکستان 2047ءتک مجموعی قومی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کی دسویں بڑی معیشت بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے مسلسل اصلاحات، سخت محنت، مضبوط اداروں اور معاشی خود انحصاری کی جانب فیصلہ کن پیش رفت ضروری ہوگی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button