پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی مودی کی 10 سالہ مہم ناکام ہوچکی ہے:الجزیرہ

اسلام آباد : عرب میڈیا کی ایک رپورٹ میںکہاگیا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی 10 سالہ مہم ناکام ثابت ہوئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الجزیرہ کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مودی کا 2016ءمیں پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنے کا اعلان بری طرح ناکام ہو گیا کیونکہ پاکستان آج امریکہ، چین، ایران اور سعودی عرب کے ساتھ بیک وقت رابطے میں ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے اور علاقائی معاملات پر اثر انداز ہونے والا ایک اہم فریق بن چکا ہے اور 2025ءکی پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی پاکستان نے عالمی بیانیے کی جنگ میں برتری حاصل کی۔عرب میڈیا کے مطابق دنیا نے پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات کو بغیر ثبوت قبول نہیں کیا، بھارت معرکہ حق کے بعد فیلڈ مارشل پر تنقید کرتا رہا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں ’غیر معمولی شخصیت‘ قرار دیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معدنیات، سرمایہ کاری اور سفارت کاری سے پاکستان نے امریکی پالیسی سازوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔امریکی اخبار نے فیلڈ مارشل کے دورہ ایران کو اعلیٰ سطح کی سفارتکاری قرار دے دیا۔عرب میڈیا کے مطابق پاکستان اور چین کی ’ناقابلِ شکست شراکت داری‘ خطے میں ایک نئی حقیقت بن چکی ہے جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پاکستان خلیجی ممالک کے لیے ایک ابھرتے ہوئے سیکیورٹی پارٹنر کے طور پر بھی سامنے آ رہا ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی مسلم دشمن پالیسیوں نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔







