نریندر مودی نے بھارتی کرکٹ پر قبضہ کر کے اس پر بھی سیاست شروع کر دی ہے، رپورٹ
اسلام آباد :
بھارت وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتی کرکٹ کو بھی اپنے تصرف میں کر کے اس پر سیاست شروع کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دی اکانومسٹ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آشیس نندی کی تصنیف کردہ اور 30 برس سے زائد عرصہ قبل شائع ہونے والی کتاب ”دی ٹاو¿ آف کرکٹ“ کی پہلی سطر کہ ”کرکٹ ایک بھارتی کھیل ہے جسے غلطی سے انگریزوں نے دریافت کیا“ پہلے سے کہیں زیادہ درست لگتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کرکٹ کے کھیل پر بھارت کا غلبہ ہے اور وہ اس حوالے سے جس طرح اپنی طاقت کا استعمال کرتا ہے وہ تشویشناک ہے۔
بھارت اس مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے، جو کہ ناظرین کے لحاظ سے فٹ بال کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے بڑا کھیل ہے ۔ کرکٹ ورلڈ کا آغاز آج احمد آباد میں انگلینڈا ور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوا۔میچ نیوزی لینڈ نے نو وکٹوں سے جیت لیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ بھارتی منتظمین کی خواہشات اور مطالبات کے مطابق چلائی جا رہی ہے، چاہے وہ بھارت ہو یا کئی دوسرے ممالک ، منتظمین کو بھارت کے بڑے پیمانے پر کرکٹ کے دیوانے ٹی وی ناظرین سے حاصل ہونے والی آمدنی سے مدد ملتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ 2023 شاید سب سے زیادہ دیکھا جانے والا اور اب تک کا ایسا واحد ایونٹ ہو گا جس پر سب سے زیادہ سیاست کی گئی ہو۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے بھارتی کمپنیاں ایونٹ کے 18 سرکاری اسپانسرز کے ساتھ مل کر بھاری رقم کمانے کی تلاش میں ہیں۔