مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں محکمہ صحت کے نان گزیٹڈ ملازمین کا احتجاج دوبارہ شروع

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرکاری میڈیکل کالجوں کے نان گزیٹڈ ملازمین نے سروس ریکروٹمنٹ رولز (ملازمت کے بھرتی قواعد) کو حتمی شکل دینے میں انتظامیہ کی ناکامی کے خلاف ایک بار پھر احتجاج شروع کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کے پانچ نئے قائم کردہ سرکاری میڈیکل کالجوں کے ملازمین نے پیر کے روز احتجاجی مظاہرے کیے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ، بارہمولہ اور اسلام آباد کے ملازمین نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے بار بار یقین دہانیاں کرائے جانے کے باوجود ان کے دیرینہ مطالبات حل نہ ہونے کے باعث وہ دوبارہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ملازمین کی نمائندہ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ وہ 2019 سے مختلف سطحوں پر حکام سے رابطے کر رہے ہیں، اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں اور محکمہ صحت و طبی تعلیم (ایچ اینڈ ایم ای) سے مداخلت کی درخواست کرتے آ رہے ہیں، تاہم ان کوششوں کا کوئی ٹھوس نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
ملازمین نے بتایا کہ انہوں نے اس یقین دہانی کے بعد اپنا احتجاج عارضی طور پر ملتوی کر دیا تھا کہ سروس رولزکو 30 ستمبر 2026 تک حتمی شکل دی جائے گی۔ تاہم مقررہ تاریخ گزرنے کے باوجود کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، جس کے بعد ان کے پاس دوبارہ احتجاج شروع کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے جاری غیر یقینی صورت حال کے باعث سینکڑوں نان گزیٹڈ ملازمین واضح سروس ڈھانچے، باقاعدہ محکمانہ ترقیاتی کمیٹی (ڈی پی سی) کے اجلاسوں اور پیشہ ورانہ ترقی کے منصفانہ مواقع سے محروم ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ محکمہ صحت و طبی تعلیم کی انتظامی قیادت میں تبدیلیوں کے باوجود یہ معاملہ تقریباً سات سال سے زیر التوا کیوں ہے۔ملازمین نے کہا کہ تاخیر سے ان کی پیشہ ورانہ ترقی، سنیارٹی اور اعلیٰ عہدوں پر ترقی کے امکانات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں گزیٹڈ ملازمین کو 2019 سے اب تک ترقیوں کے تین مراحل مل چکے ہیں، وہیں پانچ نئے میڈیکل کالجوں کے نان گزیٹڈ ملازمین سروس رولز اور ترقی کے واضح طریقہ کار کی عدم موجودگی کے باعث بدستور تعطل کا شکار ہیں۔
رابطہ کمیٹی کے مطابق ان پانچ اداروں میں نان گزیٹڈ آسامیوں کے لیے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کی جانب سے بھرتی کا پہلا اشتہار 2019 میں جاری کیا گیا تھا، جبکہ ملازمین کے پاس دستیاب معلومات کے مطابق اس کے بعد سے ان آسامیوں کے لیے کوئی دوسرا بھرتی اشتہار جاری نہیں کیا گیا۔
کمیٹی نے ضروری سروس رولز کی عدم موجودگی کے باعث گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ اور گورنمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور میں مستقل نان گزیٹڈ آسامیوں کے اشتہارات جاری کرنے میں پیش آنے والی مشکلات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف موجودہ ملازمین کے ترقیاتی امکانات تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات نئی بھرتیوں اور ان طبی اداروں کی طویل مدتی افرادی قوت کی ضروریات پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ 2019 سے اب تک اس معاملے پر ہونے والی تمام پیش رفتوں کا جامع جائزہ لیا جائے تاکہ تاخیر کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور جہاں غفلت یاخلاف ورزی سامنے آئے وہاں ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں جواب دہ بنایا جائے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button