مضامین

کولگام واقعہ

سیکیورٹی فیل اور پاکستان پر الزام تراشی کا پھر وہی کھیل

ارشد میر

مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں آکھرن ناؤ پورہ کے مقام پر بعض نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی نیم فوجی سی آر پی ایف کی ایک ٹولی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ واقع دن دیہاڑے اور ایسے موقع پر ہوا جب نام نہاد لینٹنٹ گونر منوج سنہا ہندؤں کے کسی مذہبی تہوار کے سلسلہ میں منعقدہ سرکاری تقریب میں شرکت کے لئے علاقہ کا دورہ کررہے تھے۔ واقع میں تین فوجی زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کو گہرے زخم آئے۔ مقبوضہ علاقہ کی گذشتہ 36 سالہ تاریخ کے تناظر میں یہ ایک معمولی واقع سے زیادہ نہیں ہے مگر جس طرح بھارت کےفسادی میڈیا نے اس پر طوفان مچاکر پاکستان کے خلاف اندھی الزام تراشی شروع کردی وہ سابقہ متعدد واقعات کی طرح اس واقع کو بھی مشکوک بناتا ہے۔

تحقیق کے بغیر ہی پاکستان پر الزام تراشی کرنا بھارتیوں کا پرانا وطیرہ ہے۔2019 کے پلوامہ اور 2025 کے پہلگام میں پیش آمدہ واقعات پر بھی بھارت نے تحقیق کے بغیر ہی پاکستان پر الزام تراشی کی۔ باوجود اسکے کہ پاکستان نے ہر بار غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور ان میں تعاون دینے کی پیشکش کی مگر بھارت اسکے بجائے الزام تراشی کرتا ، اپنے عوام کا ذہن اور نفسیات بناتا ہے اور پھر کسی جارحیت کے ارتکاب کے لئے جواز پیدا کرتا ہے۔ماضی کی ورق گردانی کریں تو آپکو اسکی بدطینت روش کے ابواب 1994 اور 2001 میں بھی ملیں گے۔ستمبر 1994ء میں گجرات کے شہر سورت میں طاعون کی وباء پھیلی تھی تو کہا گیا تھا کہ آئی ایس آئی نے چوہے چھوڑے تھےجن سے یہ وبا پھیلی۔ اسی طرح 26 جنوری 2001 میں پاکستان کی سرحد کے قریب گجرات ہی کے علاقہ بُھج میں تباہ کن زلزلہ آیا تواسکے بارے میں بھی پاکستان مخالف تاثر قائم کیا گیا تھا۔ مختلف کہانیاں گڑھی گئیں۔ کسی کہانی میں اسے آئی ایس آئی اور پاکستان کی کسی سائنسی ٹیکنالوجیکل کارروائی سے جوڑا گیا تھا۔ خالص قدرتی آفت کو پاکستان میں ممکنہ زیرزمین جوہری تجربات سے بھی جوڑا گیا اور جنوری2001ء میں بھارتی ویب سائٹ Rediffکے ساتھ ایک انٹرویو میں اس بارے میں بھارتی نیشنل جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ اور معروف ماہرِ ارضیات ڈاکٹر ہرش گپتا سے براہِ راست یہ بے تکا اور بھونڈا سوال بھی کیا گیا تو انھوں نے اسکی نفی کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کی وجہ (Narmada Son Lineament) کی ارضیاتی سرگرمی تھی۔ لندن کے SOAS سے وابستہ محقق ایڈورڈ سمپسن نے 2011ء میں South Asia: Journal of South Asian Studies میں Blame Narratives and Religious Reason in the Aftermath of the 2001 Gujarat Earthquakeکے عنوان سے ایک تحقیقی مقالہ شائع کیا جس میں بتایا گیا کہ زلزلے کے وقت کئی حلقوں نے ابتدائی طور پر اسے پاکستان کے ساتھ جنگ سے تعبیر کیا اور اس کے بعد بھارتی اخبارات اور ٹیلی ویژن پر پاکستان مخالف مختلف قیاس آرائیاں اور خوف کی خبریں گردش کرتی رہیں۔ یہ حوالہ جات ثابت کرتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف الزام تراشی اور بدظنی بھارتی عوام کی نفسیات میں داخل کی گئی ہے یا دوسرے الفاظ میں بھارتی عوام کی نفسیاتی کھیت اسکے لئے تیار کی جاچکی ہے اور حکمران و پالیسی ساز جب چاہتے ہیں کسی واقع یا مفروضے کے تحت پروپیگنڈہ اور نفرت کے بیج اس میں بو کر اپنے مفادات کی فصل کاٹتے ہیں۔

بھارت کے جھوٹ کے مقابلہ میں پاکستان میں دو عشروں سے زیادہ سے جاری بدترین دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی ناقابل تددید حقیقت ہے۔ نومبر 2020ء میں پاکستان اس ضمن میں باقاعدہ ڈوزئر جاری کرکے دنیا کو اسکے ثبوت فراہم کرچکا ہے۔ بھارتی میڈیا پر بیٹھنے والے کئی لوگ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے حملوں پر فخر کا اظہار کرتے ہیں ۔بھارتی فوج کے ایک سابق کرنل راجیش پوار نے صحافی شُبھانکر مشرا کے ساتھ ایک یو ٹیوب پوڈ کاسٹ میں واضع طور پر بتایا کہ ان دہشت گرد گروہوں کو افغانستان سرزمین، اسرائیل ٹیکنالوجی اور بھارت ہتھیار و پیسہ دیتا ہے۔جنگ مئی میں ذلت آمیز شکست کھانے کے بعد بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی میں بے پناہ اضافہ کیا۔ اسکا آپریشن سندور جاری رکھنے کے مطلب یہی تھا۔ پورے خطے میں اس دہشت گردی کی شدت و وسعت کا کوئی مقابلہ نہیں۔ اسکی وجہ سے پاکستان کے 60 ہزار سے زائد لوگ شہید اور بنیادی ڈھانچہ کو قریب از ایک کھرب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ مگر پاکستان بھارتیوں کی طرح رونا دھونا اور شور شرابا نہیں کرتا۔ حکومت و فوج سے لیکر میڈیا تک سبھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی جرات اور غیر کے ساتھ اس وباء کا مقابلہ اور قلع قمع کرنے کی ذمہ داری اپنی سمجھتے ہیں۔ وہ رونے دھونے اور شور شرابے کے پیچھے نہیں چھپتے۔ تصور کریں کہ جس دہشت گردی کا سامنا پاکستان کو ہے، اسکے عشر عشیر کا بھی بھارتیوں کو سامنا کرنا پڑے تو وہ سر پہ آسمان اٹھارکھیں گے۔ انھوں نے کئی صورتوں میں ثابت کیا کہ رقبہ کے حجم میں وہ پاکستان سے جتنے بڑے ہیں رویوں میں اتنے ہی چھوٹے ہیں۔

جس طرح وقوعہ کے فورا بعد ہی پاکستان پر الزام دھرا جاتا ہے اور گودی میڈیا کے ذریعہ پروپیگنڈہ کی بھٹیاں سلگائی جاتی ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ واقعات ان بھٹیوں کو ایندھن فراہم کرنے کے لئے وقوع پذیر ہوتے ہیں۔ لکھیں کہ جنگ مئی میں ذلت آمیز شکست کھانے کے بعد بھارت کی اس شیطانی روش میں صرف اتنی تبدیلی آئی ہے کہ پہلے وقوعہ کے فورا بعد سرکاری سطح پر اسکا الزام پاکستان پر دھرا جاتا تھا اور اب گودی میڈیا میں پلانٹڈ ٹی اینکرز، ریٹائرڈ فوجی جرنلز اور رپورٹرز کے ذریعہ دھرا جاتا ہے۔ کیونکہ براہ راست سرکاری طور پر الزام لگانے کے لیے ثبوت درکار ہوتے ہیں اور سرکار کے پاس ثبوت ہوتے نہیں۔ پہلے وہ ثبوت کی پرواہ نہیں کرتی تھی مگر جنگ مئی میں ہوئی درگت کے بعد اسے احساس ہوگیا کہ اسکی کتنی بڑی قیمت چکانا پڑتی ہے خاص طور پر جب کسی واقع پر جھوٹی کہانی گڑھ کر مخالفین پر حملہ کیا جائے۔ اسکی مثال گزشتہ سال 10 نومبر کو دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے نزدیک میٹرو اسٹیشن کے قریب ہوئے مبینہ کار بم دھماکہ کی ہے جس میں بعد ازاں کئی کشمیری ڈاکٹروں کو گرفتار کرکے انھیں ایک مبینہ بین الریاستی دہشت گرد نیٹ ورک سے جوڑ ا گیا۔ اس واقعے کی ایک اہم بات یہ ہے کہ کشمیری ڈاکٹروں کی گرفتاریاں دھماکے سے پہلے ہی شروع ہو چکی تھیں۔ اسی طرح دھماکہ میں انسانی جانوں کے ضیاع کے بارے میں بھی سرکاری سطح پر متضاد بیانات دئے گئے۔ بہرحال اس واقع کا حوالہ دینے مقصد اس کے تضادات بیان کرنا نہیں بلکہ یہ کہ بھارتی حکومت نے اپنی عادت اور روایت کے برخلاف اسکا الزام پاکستان پر نہیں دھرا۔ اب کولگام کے واقع کے بارے میں بھی اسی طرزِ دشمنی یا طرزِ خباثت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ پروپیگندہ مشینیں پھونک دی گئی ہیں، میڈیا میں پلانٹڈ لوگوں کے ذریعہ ماحول بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بھارت میں پاکستان نام کا ایک مفت تنور لگا ہوا ہے جس میں داخلی سیاست اور خارجی وعسکری مقاصد کی روٹیاں لگائی جاتی ہیں۔ انتظامی، ناکامیوں اور کرپشن کو چھپانا ہو، انتخاب لڑنا ہو، کشمیریوں کی مزاحمت کچلنے میں ناکامی اور سوالات کا سامنا ہو تو آسان سا کلیہ ہے کہ کوئی واردات کرو، فالس فیلگ آپریشن انجام دو اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ مشینیں چلاکر جنگی ماحول قائم کرو۔

مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جماؤ والاعلاقہ ہے جہاں ہردس افراد پراوسطا ایک قابض فوجی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ مسط ہے۔ امن کے دعوؤں کے باجود چوبیسوں گھنٹے فوجی آپرشنز، تلاشیوں، چھاپوں،محاصروں، گرفتاریوں اور دیگر کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ہر کلو میڑپر قائم چیک پوسٹس سے لوگوں کی باریک بینی سے چیکنگ جاتی ہیں۔ ایسے علاقہ میں قابض حکمران کسی جگہ کا دورہ کرے تواندازہ کیجئے کہ "سکیورٹی” کا کیا عالم ہوگا؟ توپوں کا رخ پاکستان کی جانب کرنے کے بجائے بھارتیوں کو داخلی سطح پراس سوال کا جواب تلاش کرنا چاہئے کہ غیر معمولی امن کے قیام اور دس لاکھ فورسز کی "فول پروف” سکیورٹی میں یہ” اُگروادی” آئے کہاں سے؟ اور وہ بھی اس علاقہ میں دن کی روشنی میں حملہ کرکے چلے بھی گئے جہاں خودساختہ لیفٹنٹ گونر دورہ کررہے تھے اور پورا علاقہ مکمل طور پر سیل تھا؟

اگر اس حملے کا تعلق کشمیریوں کی مسلح مزاحمت سے ہے تو اسکی ذمہ داری بھی بھارت کو اپنے دامن میں تلاش کرنی چاہئے اور اپنے عوام کو اس سوال کا جواب دینا چاہئے کہ دس لاکھ فوج کے ساتھ 36 سالہ مسلسل آپریشن کے باوجود وہ مزاحمت کو شکست کیوں نہ دے سکا؟ پھر اس ڈھول کا کیا بنا جو مسلسل پیٹا جارہا ہے کہ جموں و کشمیر میں مکمل اور غیر معمولی امن قائم ہوچکا ہے؟

سچ پوچھئےتو بھارتیوں کو اس اور اس جیسے واقعات پر منہ کھولنے کے بجائے منہ چھپالینے چاہئے کیونکہ یہ خود انھیں بے نقاب کرتے ہیں۔ ان کے بل پروہ کشمیریوں اور پاکستان کے خلاف تعاقب کرکے کیس بنانے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ یہ خود انکا تعاقب کرکے چوروں کی طرح پکڑتے ہیں۔ اس گندے کھیل میں بھارتی پہلے بھی خود گندے ہوئے اور آئندہ بھی ہوتے رہیں گے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button