لداخ میں ”ہل ڈیولپمنٹ کونسل “ کے انتخابات محض ایک ڈرامہ ہے، وانچنگ
بھارتی انتظامیہ اپنے پسند دیدہ لوگوں کو مسلط کر نے کی کوشش کر رہی ہے، موسمیاتی کارکن
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ سے تعلق رکھنے والے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک اور دیگر علاقائی رہنماو¿ں نے ’لداخ آٹونومس ہل ڈیولپمنٹ کونسل‘ (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات کے انعقاد میں جلد بازی پر بھارتی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وانگچک نے ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ نئی دہلی لداخ کے عوام کی جمہوری امنگوں کو کمزور کرنے کے لیے اپنی پسند کے لوگوں کو مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔”لداخ اسٹیٹ الیکشن کمیشن “نے کونسل کے انتخابات کے لیے 4 دسمبر کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
وانگچک نے کہا کہ ایک طرف لیہہ میں 24 ستمبر 2025کو ہونے والے واقعے ، جس میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4افراد کی جانیں چلی گئی تھیں، تحقیقات کرنے والے ’جوڈیشل انکوائری کمیشن‘ کی رپورٹ انتہائی سست رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے، جبکہ انتظامیہ کونسل انتخابات کے انعقاد میں جلد بازی کر رہی ہے ، بظاہر اس کا مقصد اپنے پسندیدہ لوگوں کو مسلط کرنا ہے تاکہ وہ یہاں جمہوریت اور حقوق کے تحفظ سے متعلق معاملات پر ’مذاکرات‘ کر سکیں۔
وانگچک نے کہا کہ دسمبر اور جنوری لداخ میں سرد ترین اور برف باری والے مہینے ہوتے ہیں، جن میں کئی مقامات پر درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا جاتا ہے۔ اس عرصے کے دوران خطے کی تقریباً نصف آبادی تعلیم، چھٹیوں اور مذہبی زیارتوں کے لیے نقل مکانی کر جاتی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت شدید سرد موسم میں لداخ خطے میں ایک ‘جعلی انتخابی عمل’ مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے جسکا مقصدجمہوریت کا محض محض ایک دکھاوا اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنا ہے جبکہ خطے کی ریاستی حیثیت، قانون ساز اسمبلی کے قیام اور دیگر جمہوری حقوق کے جائز مطالبات کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے اگست 2019 میں 370اور 35اے دفعات کی منسوخی کے وقت لداخ کو جموںوکشمیر سے الگ کر کے اسے علیحدہ یونین ٹیری ٹری(نئی دلی کے براہ راست زیر انتظام ) علاقہ بنا لیا تھا۔






