” ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے “ دسویں جماعت کے طالب علم کی بھارتی پیرا ملٹری اہلکار کو ظلم و ستم پر تنبیہ
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع کولگام میں 10ویںجماعت کے ایک طالب علم نے بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزو پولیس فورس(سی آر پی ایف“ کے ایک اہلکار کو جبر و استبداد کی کارروائیوں پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے“۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ’انڈیا ٹوڈے‘ سمیت بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ کم عمر لڑکا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ دسویں جماعت کا طالب علم ہے، علاقے میں قائم سی آر پی ایف کی چوکی پر گیا اور وہاں موجود اہلکاروں کو خبردار کیا: ”ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے ۔“
یہ چوکی سری نگر سے تقریباً 75 کلومیٹر دور سری نگرجموں شاہراہ سے تقریبا ایک کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ لڑکا پیر کے روز چوکی پر پہنچا اور” سی آر پی ایف“ اہلکاروں کو تنبیہ کی جو علاقے میں بھارتی فورسز کی غیر قانونی موجودگی اور اسکے مظالم کے خلاف علاقے کی نوجوان نسل کے شدید غصے کا واضح عکاس ہے۔
یہ واقعہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت مکمل طورپر انکی اپنی ہے اور کشمیری معاشرے کی رگ رگ میں بسی ہوئی ہے، یہاں تک کہ اسکول جانے والے بچے بھی قابض افواج کے خلاف اپنی ناراضگی کا کھلے عام اظہار کر رہے ہیں۔







