مقبوضہ جموں و کشمیر

شدیدسردموسم میں انتخابات کی مخالفت کرنے پر سونم وانگچک گھر میں نظر بند

لہہ میں رہائش گاہ کے باہر درجنوں پولیس اہلکار تعینات

لہہ:غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کوموسم سرما میں لداخ آٹونومس ہل ڈویلپمنٹ کونسل کے انتخابات کے انعقاد کی مخالفت کرنے پر گھر میں نظربند کردیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سونم وانگچک کو لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بننے اورشدیدسردموسم میں انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کے مطالبے کے ایک دن بعد گھر میں نظربند کیاگیاہے ۔سونم وانگچک نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاہے کہ لہہ میں ان کے گھر کے باہر درجنوں مسلح اہلکاروں کو تعینات کر کے انہیں نظر بند کردیاگیاہے ۔
سونم وانگچک نے مزید کہا کہ پولیس نے انہیں بدھ کی شام این ڈی ایس اسٹیڈیم میں ان کے مجوزہ دھرنے کے مقام سے لہہ میں ان کے گھر لا کر نظربند کردیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری موقف کے مطابق، ‘انہیں گھر پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے’۔ انہوں نے کہاکہ ان کے ساتھ یہ سلوک ”گزشتہ سال لہہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں تاخیر اور شدید سردیوں کے وسط میں عوام پر ایک جعلی کونسل کا انتخاب کیوں مسلط کیا جا رہا ہے،جس کے خلاف پورا لداخ خطہ سراپا احتجاج ہے”جیسے تلخ سوالات پوچھنے پر کیا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں لداخ پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ سونم وانگچک کے خلاف یہ احتیاطی کارروائی جاری انتخابی عمل کے دوران لہہ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں عوامی ریلیوں، احتجاجی مظاہروں اور دیگر عوامی اجتماعات کو منظم کرنے کے احکامات کی تعمیل میں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسلزکے انتخابات 4 دسمبر کو شیڈول ہیں جبکہ شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں کے انتخابات 21نومبر کو ہوں گے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button