تحریک حق خوداردیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 2جنوری سے ہفتہ حق خودارادیت منایا جائے گا
اسلام آباد22 دسمبر ( کے ایم ایس )
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 2 جنوری سے 9جنوری تک بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ہفتہ حق خود ارادیت منایا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے اسلام آباد میں برطانیہ کیلئے پاکستان کے سابق ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد نفیس ذکریا سے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کے دوران کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرارداد کی مناسبت سے برطانیہ، یورپ، پاکستان اور آزادجموں و کشمیر میں ہفتہ حق خودارادیت کے سلسلے میں تقریبات منعقد کی جائیں گی اور عالمی برادری کو کشمیریوں کے جذبات سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام سال2023میں دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں اور مسئلہ کشمیر کاجلدپائیدار اور پرامن حل تلاش کرنے کیلئے اپنی سرگرمیاں تیز کر رہے ہیں تا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر رکوانے کیلئے مختلف فورمز پر آواز بلند کی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ ہم ریاست جموں وکشمیر کے باشندے پوری دنیا میں جہا ں جہاں بھی آباد ہیں ان ممالک کے دارالحکومتوں، پارلیمانی ایوانوں اور تھنک ٹینکس کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس ہر سفارتی محاذ پر منظم انداز میں پیش کریں گے۔ راجہ نجابت نے بتایا کہ اس سلسلے کی پہلی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ، کشمیری اور پاکستانی سیاسی و دیگر قائدین، عوامی نمائندگان اور ریاست جموں وکشمیر کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے اکابرین شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مختلف تنظیموں، سیاسی اکابرین، انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنمائوں، خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں کی مرکزی قیادت کے ساتھ مل کر اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ راجہ نجابت حسین نے ڈاکٹر محمد نفیس ذکریا کو مزیدبتایا کہ برطانیہ کے شہر وںمانچسٹر، لندن، برمنگھم، بریڈ فورڈ،پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد،تاریخی شہر لاہور اور آزادجموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباداور تارکین وطن کے شہر میر پور کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کے دارلحکومتوں میں بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ اس سلسلہ میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے تمام عہدیداران، آل پارٹیز پارلیمنٹر ی کشمیر گروپ، لیبر فرینڈز آف کشمیر، کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر اور یورپین پارلیمنٹ کے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے ساتھ بھی رابطوں میں تیزی لائی گئی ہے ۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وہ مختلف پاکستانی زعما، پاکستانی حکومت کے اکابرین، صدر اوروزیر اعظم ریاست آزادجموں وکشمیر اور پاکستانی وزارت خارجہ کے اعلی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں تا کہ ہفتہ حق خوداردیت کے پروگراموں کو منظم طورپرمیں آرگنائز کر کے مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذ پر مزیدموثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔