مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر: تلاشی آپریشن جاری، مزید کئی نوجوان گرفتار کر لیے گئے

جبر و ستم کی بھارتی کارروائیوں نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا رکھی ہے

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ فورسز اہلکاروں نے چھاپوں کے دوران مزید کئی نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔

بھارتی فورسز نے سرینگر، کولگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کشتواڑ اور دیگر اضلاع میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا، جن میں سے بیشتر کو ضلع کولگام کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

کولگام کے علاقے میر بازار میں بدھ کے روز نامعلوم مسلح افراد کے ایک حملے میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تین اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ بھارتی فورسز نے واقعے کے بعد کشمیریوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے لیے تلاشی آپریشنز میں تیزی لاتے ہوئے نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

فورسز اہلکار تلاشی کارروائیوں کی آڑ میں گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کر رہے ہیں اور گھریلو قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ کر رہے ہیں۔ سرینگر، جموں شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں پر بھی گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔

کشمیری عوام غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف گزشتہ تقریباً 80 برس سے مزاحمت کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دینے کے بجائے انہیں فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی اپنی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔

بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی بلاجواز کارروائیوں، نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی گرفتاریوں اور جبر و ستم کی دیگر کارروائیوں نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا رکھی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button