آسام میں مزید132مسلمانوں کے گھر مسمار
گوہائی:ریاست آسام میں بے دخلی کی ایک اور کارروائی کے دوران مزید 132بنگالی مسلم خاندانوں کے گھر مسمار کر دیے گئے ہیں۔یہ گھر ضلع لکھیم پور کے علاقے میں کی گئی ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق متاثرین نے کہا ہے کہ انہیںمحض مسلمان ہونے پر نشانہ بنایا گیا ہے۔مسلمانوں نے کہا کہ انکے گھر توڑ دیے گئے لیکن ساتھ رہنے والے ہندو خاندانوں کے گھروں کو بالکل نہیں چھیڑا گیا۔یہ مسلمان 1983کے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد اس علاقے میںآباد ہوئے تھے۔ فروری 1983میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد تشدد شدت اختیار کر گیا تھا جس میںہزاروں افراد بے گھر ہو گئے تھے۔
عزیز رحمان نامی ایک متاثرہ مسلمان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوںکو بتایا کہ مسمار کیے جانے والے گھر تقریبا 9.9ایکڑ اراضی پر واقع تھے ۔ انہوںنے کہا کہ 83کے فسادات کے بعد حکومت نے خود متاثر ہ مسلمان خاندانوںکو یہاں بسایا تھا ، علاقے میں سڑکیں، سکول اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم کی گئیں جس سے مکینوںکو اپنے قیام کے مستقل ہونے کا یقین ہوا۔
متاثرین میں شامل محمد توشان علی نے کہا کہ انکے خاندان کے 2مکان مسمار کیے گئے جبکہ پڑوس میں رہنے والے ہندو خاندانوں کے گھروںکو کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا نے انتظامیہ نے انہیں راتوں رات بے گھر کر دیا اور اب وہ دریا کے کنارے پناہ لینے پر مجبور ہیں اور ستم ظریفی یہ ہے کہ پولیس انہیںوہاںسے بھی ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
آسام میںبی جے پی حکومت کی طرف سے مسلمانوں کو بڑے پیمانے پر بے دخلی کا سامنا ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 19سو سے زائد مسلم خاندان اپنے گھروںسے محروم ہوچکے ہیں۔ رواں ماہ(نومبر) کی یکم تاریخ کو ضلع دھوبری میں 640سے زائد بنگالی مسلم خاندانوںکے گھر گرا دیے گئے جبکہ 18اکتوبر کودیگر تین اضلاع میں کارروائی کے دوران 11سو سے زائد مسلم خاندان بے دخل کیے گئے تھے۔







