اتر پردیش:یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی طرف سے مساجد ، مدارس کی مسماری کا مذموم سلسلہ جاری

لکھنو : بھارتی ریاست اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی سربراہی میں قائم بی جے پی کی ہندو توا حکومت کیطرف مساجد اور مدارس کی مسماری کا مذموم سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ انتظامیہ نے رواں ہفتے مختلف اضلاع میں مساجد ، مدارس اور دیگر مسلم املاک کے خلاف بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائیاں کیں۔ غازی آباد ، وارانسی اور باغپت سمیت کئی اضلاع میں بلڈوزروں کے ذریعے مسلم مذہبی اور تعلیمی عمارتوںکو منہدم کیا گیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کیمطابق انتظامیہ نے غازی آباد کے علاقے دسنا میں مدرسہ عربیہ اسلامیہ کو منہدم کیا ۔ کارروائی کے دوران کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔ وارانسی کے علاقے راج گھات میں تقریبا 2سو برس قدیم ایک مسجد کو رات کے وقت مسمار کیا گیا ۔ علاقے کے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ مسجد اور اس سے متصل قبرستان تاریخی اور مذہبی اہمیت کے حامل تھے۔ انہوںنے انہدامی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے سراسر ناانصافی قرار دیا۔ باغپت ضلع کے علاقے بو پورا میں ایک انہدامی کارروائی کی گئی اور ایک مسجد اور مدرسہ کو مسمار کیا گیا۔







