مقبوضہ جموں کشمیر میں ظلم و جبر، بلاجواز گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے: حریت رہنما
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آئے روز نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، گھروں پر چھاپوں، نوجوانوں کی گرفتاریوں اور سیاسی و سماجی کارکنوں کو ہراساں کرنے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے کو عملا ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے۔
کشمیرمیدیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کہاگیاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آئے روز بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات اور مختلف جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ خوف و ہراس کی فضا قائم کرکے کشمیری عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں، اظہارِ رائے پر پابندیوں، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں اور حریت قیادت کو مسلسل ہراساں کرنے کا سلسلہ عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے۔
اجلاس میں کہاگیاکہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی سیاسی، مذہبی اور جمہوری حقوق سے محروم رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارتی حکومت طاقت، جبر، گرفتاریوں اور پابندیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتی۔ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حق، حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی یہ جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک جائز اور تسلیم شدہ حق ہے۔
انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں، غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور بھارت پر دبا وڈالیں کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بحال کرے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی جدوجہد مزید موثر انداز میں جاری رکھے گی۔









