بھارتی قابض انتظامیہ کے کشمیریوں کی خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہندواڑہ میں ایک اور کشمیری کی 5کنال 5مرلہ اراضی ضبط
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع ہندواڑہ میں بھارتی قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے خلاف انتقامی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط کر لی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی میں قابض انتظامیہ کے حکم پر بھارتی پولیس نے ایک جھوٹے مقدمے میں ہندواڑہ میں دواسپورہ کے علاقے ماگام میں بھارتی مظالم سے تنگ آکرمقبوضہ جموں وکشمیر سے آزاد کشمیر ہجرت کرنے والے کشمیری شہری عبدالاحد میر ولد محمد اکبر میرکی 5 کنال اور 5 مرلہ اراضی ضبط کر لی ہے ۔
واضح رہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ کشمیریوںکو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے انہیں ان کی جائیدادوں سے بے دخل اور سرکاری ملازمتوں سے برطرف کر رہی ہے ۔ کشمیریوں کے خلاف ان انتقامی اقدامات کا ایک اور مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنابھی ہے کیونکہ ضبط کی گئی اراضی غیر کشمیریوں کو الاٹ کی جارہی ہے اور نوکریوں پر ہندوئوں کو بھرتی کی راہ ہموار کی جارہی ہے ۔







